ہومتازہ ترینپمز نرسری سانحہ، صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر کا اعلیٰ سطح کی تحقیقات، وفاقی وزیر صحت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

پمز نرسری سانحہ، صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر کا اعلیٰ سطح کی تحقیقات، وفاقی وزیر صحت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

اسلام آباد(سب نیوز) صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سردار طاہر محمود نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی نرسری میں آتش زدگی کے المناک واقعے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی دل خراش سانحہ اور ہسپتالوں میں فائر سیفٹی و ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے نظام کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔
بدھ کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی پوری کاروباری برادری اس مشکل گھڑی میں متاثرہ اور غم زدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ معصوم نومولود بچوں کی جانوں کا ضیاع ایک ناقابلِ تلافی قومی سانحہ ہے اور متاثرہ خاندانوں کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ان خاندانوں کو فوری معاونت، مکمل معلومات اور انصاف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
سردار طاہر محمود نے کہا کہ معصوم بچوں کی ہلاکت کو محض ایک حادثہ قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ اس سانحے نے دارالحکومت کے ایک بڑے سرکاری ہسپتال میں حفاظتی اور انتظامی انتظامات پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانب دار اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں، آتش زدگی کی اصل وجوہات کا تعین کیا جائے اور غفلت کے ذمہ دار عناصر کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کو روایتی کمیٹی یا کاغذی کارروائی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے نتائج واضح اور عملی ہونے چاہئیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس المناک سانحے کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ مقررہ مدت کے اندر مکمل کرکے عوام اور متاثرہ خاندانوں کے سامنے پیش کی جائے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔
صدر ICCI نے اس بہادر خاتون کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جس نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر آتش زدگی کے دوران ایک بچی کی جان بچائی۔ انہوں نے کہا کہ اس خاتون کی بے مثال بہادری اور انسانی ہمدردی پوری قوم کے لیے قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بہادر خاتون کو قومی اعزاز اور خصوصی انعام سے نوازا جائے تاکہ اس کی جرات کو سرکاری سطح پر بھی تسلیم کیا جا سکے۔
سردار طاہر محمود نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں، بالخصوص نرسریوں، نومولود بچوں کے شعبوں اور انتہائی نگہداشت کے یونٹس کا فوری اور جامع فائر سیفٹی آڈٹ کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں فعال فائر الارم، واضح اور محفوظ ہنگامی اخراج کے راستے، مؤثر آگ بجھانے کے آلات، تربیت یافتہ عملہ اور باقاعدہ ایمرجنسی ڈرلز کو یقینی بنایا جائے اور فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی و انتظامی معاونت فراہم کی جائے اور اس سانحے سے سبق سیکھتے ہوئے ٹھوس اصلاحات نافذ کی جائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔