ہومبریکنگ نیوزایکنک اجلاس: خوازہ خیلہ بشام ایکسپریس وے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر غور

ایکنک اجلاس: خوازہ خیلہ بشام ایکسپریس وے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر غور

اسلام آباد (آئی پی ایس ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ہفتہ کو یہاں قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کے اجلاس کی صدارت کی۔نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کے جامع ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ایجنڈے میں خوازہ خیلہ بشام ایکسپریس وے کی تعمیر، لیسکو، حیسکو اور پیسکو میں بجلی کی تقسیم کے نظام کی استعداد کار میں بہتری کے منصوبے، تربیلا ڈیم کا پانچواں توسیعی پن بجلی منصوبہ، جنوبی پنجاب میں غربت میں کمی کا منصوبہ اور فل برائٹ اسکالرشپ سپورٹ پروگرام شامل تھے۔

اجلاس میں پانی، رابطہ اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق مختلف منصوبے بھی زیر غور آئے۔کمیٹی نے نظرثانی شدہ پی سی ون پر بھی غور کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور ان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا تاکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ترقیاتی وسائل کے مثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔نائب وزیراعظم نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر مثر عمل درآمد کے لیے مربوط اور بروقت اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے حکومت کے وسیع تر اقتصادی ترقی اور بہتر رابطے کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا عمل برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، کابینہ ڈویژن اور وزارت منصوبہ بندی کے سیکریٹریز، اقتصادی امور ڈویژن اور صوبائی حکومتوں کے نمائندگان سمیت وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔