ہومپاکستانسوڈان کے گریجویٹس کے لیے سائبر سکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی تربیت مکمل

سوڈان کے گریجویٹس کے لیے سائبر سکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی تربیت مکمل

اسلام آباد،(سب نیوز) : یونیورسٹی آف واہ میں سوڈان سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس کے لیے COMSTECH اور یونیورسٹی آف واہ کے اشتراک سے سائبر سکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے موضوع پر دو ہفتوں پر مشتمل تربیتی پروگرام کی اختتامی اور اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں یونیورسٹی آف واہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل ان النبی، او آئی سی-کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چودھری، پاکستان میں سوڈان کے سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن و ناظم الامور مسٹر الطیب محمد عبداللطیف، دونوں اداروں کے سینئر حکام، فیکلٹی ممبران اور تربیتی پروگرام میں شریک افراد نے شرکت کی۔

سوڈانی انجینئرز نے انہیں فنی تعاون اور قیمتی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر COMSTECH اور یونیورسٹی آف واہ کا شکریہ ادا کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر جمیل ان النبی نے اس اقدام کو صدقہ جاریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شرکا کو فراہم کیا جانے والا علم اور مہارتیں مستقبل میں بھی اس کے فوائد کا ذریعہ بنتی رہیں گی۔ انہوں نے اس اہم مقصد کے لیے یونیورسٹی آف واہ کا انتخاب کرنے پر پروفیسر ڈاکٹر اقبال چودھری کا شکریہ ادا کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چودھری نے سوڈانی گریجویٹس کو تربیتی پروگرام کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور یونیورسٹی آف واہ کی بہترین تعلیمی معاونت اور میزبانی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ COMSTECH او آئی سی کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے نوجوان پیشہ ور افراد کی استعداد کار بڑھانے کے عزم پر قائم ہے۔

اس موقع پر سوڈان کے سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن و ناظم الامور مسٹر الطیب محمد عبداللطیف نے سوڈانی پیشہ ور افراد کی معاونت پر او آئی سی-کامسٹیک، یونیورسٹی آف واہ اور حکومت پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی خصوصی تربیت سوڈانی ماہرین کی فنی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور انہیں سوڈان کی تعمیر نو اور ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اس تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سوڈانی طلبہ، انجینئرز اور محققین اس سے مستفید ہو سکیں۔

تقریب کے اختتام پر تربیتی پروگرام میں شریک 17 سوڈانی گریجویٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔