ہومتازہ تریناو آئی سی کامسٹیک کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ایجوکیشن سمٹ اینڈ ایکسپو 2026 کا انعقاد

او آئی سی کامسٹیک کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ایجوکیشن سمٹ اینڈ ایکسپو 2026 کا انعقاد

اسلام آباد(سب نیوز)او آئی سی کامسٹیک کے زیر اہتمام اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون سے انٹرنیشنل ایجوکیشن سمٹ اینڈ ایکسپو 2026 کا انعقاد کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں کیا گیا۔تقریب کا انعقاد پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کے لیے عالمی تعلیم کا فروغ کے عنوان سے کیا گیا، جس میں وائس چانسلرز، پالیسی سازوں، ماہرین تعلیم، صنعت سے وابستہ نمائندوں، سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے تعلیم کو روزگار کے مواقع، جدت، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی سے جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب کے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل، سفیر پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے کہا کہ تعلیم مستقبل کی بنیادی بنیاد ہے۔انہوں نے جامعات پر زور دیا کہ وہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، عالمی غیر یقینی صورتحال اور نئی نسل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے کردار اور تعلیمی نظام کو ازسرنو متعین کریں۔سمٹ میں اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ایس ای ایس آر آئی سی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمایاں مقررین نے اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر قابل رسائی عالمی تعلیم، طلبہ کی بین الاقوامی نقل و حرکت، فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں، خواتین کی قیادت، مصنوعی ذہانت اور جامعات و صنعت کے درمیان تعاون سمیت اہم موضوعات پر پینل مباحثے بھی منعقد ہوئے۔مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ بدلتی ہوئی عالمی معیشت اور ٹیکنالوجی کے دور میں تعلیمی اداروں، صنعت، حکومت اور سرمایہ کاروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرکے پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔