ہومپاکستانپاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس، بحری شعبے میں ابھرتے ہوئے خطرات کا تفصیلی جائزہ

پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس، بحری شعبے میں ابھرتے ہوئے خطرات کا تفصیلی جائزہ

اسلام آباد (سب نیوز)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کی صدارت سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کی، جبکہ تمام پرنسپل اسٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کانفرنس کے دوران فورم نے بحری شعبے میں ابھرتے ہوئے خطرات، بالخصوص روایتی اور غیر روایتی نوعیت کے چیلنجز، اسٹریٹجک چوک پوائنٹس پر غیر مستحکم سیکیورٹی صورتحال، بحری نقل و حرکت کی آزادی اور اہم بحری راستوں کو لاحق خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور درپیش چیلنجنگ مشنز کو سرانجام دینے کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے مضبوط بحری دفاع کے لیے مثر تربیت، تکنیکی نظم و ضبط اور مشترکہ ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ایڈمرل نوید اشرف نے مزید زور دیا کہ ابھرتے ہوئے خطرات کے مقابلے میں تکنیکی برتری برقرار رکھنے کے لیے غیر متناسب صلاحیتیں اور جدید ٹیکنالوجی ناگزیر ہیں۔
سربراہ پاک بحریہ نے خطے میں امن، استحکام اور علاقائی بحری سلامتی کے قیام میں پاک بحریہ کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ فورم نے آپریشنل تیاریوں، جاری اقدامات اور مستقبل کے پروگراموں کا جامع جائزہ بھی لیا۔کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلی فیصلہ ساز فورم ہے، جس میں سربراہ پاک بحریہ، پرنسپل اسٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز مل کر اسٹریٹجک ترجیحات اور پالیسیوں پر غور کرتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔