اسلام آباد (سب نیوز)لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کی الشفا ہسپتال منتقلی اور انکی ہمشیرہ و ڈاکٹر کی ان سے ملاقات کا عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے ۔ اس فیصلے سے عدلیہ کا کھویاہوا وقار بحال ہو گا ، سچ یہ ہے کہ اس فیصلے سے میرے دل کا بوجھ کچھ کم ہوا ہے ،برسات کی حبس زدہ رت میں یہ فیصلہ ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس فیصلے پر معزز جج صاحبان مبارکباد کے مستحق ہیں ، اگر اس میں ریاستی منشا شامل ہے تو اسے بھی سراہا جانا چاہئے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت اور زندگی انتہائی اہم ہیں ، اسپر کوئی سمجھوتہ نہیںہونا چاہئے ، انکی جماعت اور اہل خانہ کو بھی اس حوالہ سے آئندہ محتاط اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہئے ، انکا ذمہ دارانہ رویہ اگلے راستے کھلنے کی صورت متعین کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی ان صفحات پر عمران خان صاحب کے اہلخانہ کی ملاقاتوں پر پابندی کے خاتمے اور انکی مرضی کے ڈاکٹرز تک انکی رسائی کے حق میں آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ ہماری اطلاعات کے مطابق حکومت نے انکے علاج کیلئے ماہر ڈاکٹرز مامور کیے رکھے ہیں اور علاج معالجہ میں اپنے تئیں کوئی کمی نہیں کی لیکن جیلیں بھگتنے والے جانتے ہیں کہ کوئی بھی شخص اتنا طویل عرصہ قید تنہائی میں رکھا جائیگا تو اسکی صحت متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتی، جیل اپنے قیدی کو کسی نہ کسی بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے ، یہ آپ بیتی بھی اور جگ بیتی بھی ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ اگر قیدی آپکا سیاسی مخالف ہو تو اسکی حفاظت اور حقوق کی ادائیگی اشد ضروری ہو جاتی ہے۔ بہتر ہوتا کہ حکومت یہ فیصلہ خود کرتی بہر حال دیر آید درست آید کے مصداق اب فریقین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور عمران خان صاحب کیلئے آسانی کا معاملہ پیدا ہونے دیا جائے ۔خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجاز چوہدری ، عمر چیمہ ، میاں محمود الرشید سمیت پی ٹی آئی کے باقی اسیران بھی ایسی توجہ کے حقدار ہیں ،اس موقع پر طعنہ زنی ، گالی گلوچ اور انکے دور ِ اقتدار کی سختیاں یاد کرنے کی یا دہرانے کی قطعا کوئی ضرورت نہیں ہے۔
عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ برسات کی حبس زدہ رت میں ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے،خواجہ سعد رفیق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
