لاہور (سب نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران ٹولے نے ہمیں ایک مصیبت سے دوچار کردیا ہے یہ صرف پیٹرول کی قیمت ہی نہیں بڑھاتے بلکہ ٹیکسوں میں بھی اضافہ کردیتے ہیں۔پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کیخلاف لاہور میں فیصل چوک مال روڈ پر دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج ہم نے دھرنا شروع کردیا ہے اور یہ دھرنا جاری رہے گا، گورنرہاوس کراچی کے باہر بھی دھرنا جاری ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ جب تک حکومت گھٹنے نہیں ٹیکے گی یہ جدوجہد جاری رہے گی، ہم حکومت کوپیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کہا ہے ہم نے کمیٹی بنائی ہے، ہمیں آپ کی بریفنگ نہیں چاہیے، آپ کی کمیٹی آپ کو مبارک، ہم کوئی بریفنگ لینے اسلام آباد نہیں جائیں گے، جس کو آنا ہے یہاں آئے، بات صرف ایک چیز پر ہوگی کہ پٹرولیم لیوی واپس لو۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ نظام جو ہم پر مسلط ہے اس کا عوام سے کوئی تعلق نہیں، یہ نظام اب نہیں چل سکتا، پٹرولیم لیوی زبردستی کا بھتہ ٹیکس اور جگا ٹیکس ہے۔حافظ نعیم نے مزید کہا کہ ن لیگ کے کتنے جاگیرداروں نے اپنے جاگیروں پرٹیکس دیاہے؟ یہ جاگیردرانہ نظام نہیں چلے گا، یہ غریب کاشتکار کا خون چوستے ہیں، بڑے بڑے جاگیردار ٹیکس نہیں دیتے، بڑے بیوروکریٹس ٹیکس کھا جاتے ہیں، حکمران مراعات نہیں چھوڑسکتے اور غریب کا خون نچوڑتے ہیں۔
