ہومپاکستانحکومتی یقین دہانی پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال 40دن کیلئے موخرکرنے کا اعلان

حکومتی یقین دہانی پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال 40دن کیلئے موخرکرنے کا اعلان

کراچی (سب نیوز)حکومتی نمائندوں سے مذاکرات کے بعدگڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال 40دن کے لیے موخر کرنیکا اعلان کردیا۔کراچی میں گورنر ہاوس میں ٹرانسپورٹرز اور حکومتی نمائندوں کے درمیان مذاکرات ہوئے جن میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضی وہاب، وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد شریک ہوئے۔مذکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزادکا کہنا تھا کہ حکومتی یقین دہانی کے بعد ہڑتال 40 دن کے لیے موخرکرنیکا فیصلہ کیا ہے

ہماری جانب سے 9 دن سے ملک گیر ہڑتال ہو رہی ہے، حکومت سندھ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پارکنگ کا مسئلہ حل ہوگا، 15دن کا وقت لیا گیا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں کا تعین 15دن یا ایک ماہ بعدکیا جائیگا، علیم خان نے ٹول ٹیکس میں کمی سے متعلق کمیٹی بنانے اور نظرثانی کی یقین دہانی کرائی ہے۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ حکومت نے 10 وہیلر کو مناسب وزن کی اجازت دینے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے، وفاقی و صوبائی حکومت نے کچھ مسائل حل کردیے ہیں، کچھ مسائل کابینہ سے حل ہونے ہیں، ان کی بھی یقین دہانی کروائی ہے، کمیٹیوں کے اجلاس جاری رہیں گے، امید ہے یقین دہانی اور وعدوں پر عمل کیا جائیگا، ہم ہڑتال ختم نہیں کر رہے بلکہ موخر کر رہے ہیں، یقین دہانی پر عمل نہ ہوا تو احتجاج ریکارڈ کرواسکتے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے جو مسائل حل طلب تھے وہ حل کیے،کچھ مطالبات کے لیے رسمی کارروائیاں ہیں وہ پوری کریں گے، اس کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کراچی حیدرآباد روڈ کسی بھی طرح موٹر وے کہلانے کے لائق نہیں، سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹروے کا کام اسی سال شروع ہوگا، ہم کسی ایسی چیز میں نہیں پڑنا چاہتے جس سے تنازع شروع ہو۔گورنر سندھ نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال غیر معمولی ہے، ایسے میں مکہ معاہدہ ہوا، جنگ کے معاشی اثرات صرف پاکستان نہیں دنیا بھر میں ہیں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کوشش کر رہے ہیں کہ بہتراثرات عوام تک پہنچیں، حکومت اور ٹرانسپورٹرز نے ایک دوسرے کو سنا، دونوں متفق ہیں کہ ملک کے لیے ہر قربانی کو تیار ہیں۔میئر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ آج ہم پورے دن معاملات حل کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، جو چیزیں سندھ حکومت نے کرنی ہیں وہ ہم کریں گے،کوشش ہے کہ گفتگو سے مسائل کو حل کیا جاسکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔