ہومتازہ ترینمحکمہ موسمیات کی 16سے 21اگست کے دوران مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی 16سے 21اگست کے دوران مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد(سب نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 16سے 21اگست کے دوران تیز ہوائوں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کردی، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں 16 سے 21 اگست کے دوران بارش متوقع ہے۔ وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی اور میرپور میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔خیبرپختونخوا میں 17سے 21اگست کے دوران بارش متوقع ہے۔ پشاور، دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، مردان اور دیگر علاقوں میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں 20 اور 21 اگست کو بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور بالائی پنجاب میں بھی 16 سے 21 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، میانوالی اور دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی پنجاب کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش کا امکان ہے۔گلگت بلتستان میں 18 سے 21 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بلوچستان کے علاقوں موسی خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں 17 سے 20 اگست کے دوران بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے بارش کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔