ہومپاکستانویتنامی سفیر کی پاکستان کو یومِ آزادی پر مبارکباد

ویتنامی سفیر کی پاکستان کو یومِ آزادی پر مبارکباد

اسلام آباد: پاکستان میں ویتنام کے سفیر فام آن ٹوان نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر حکومت اور پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں ویتنامی سفیر نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ ویتنام اور پاکستان کے درمیان دوستی اور تعاون مسلسل مضبوط ہو رہا ہے اور مختلف شعبوں میں وسعت اختیار کر رہا ہے۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں اقتصادی اور تجارتی تعاون کو اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) پر مذاکرات کو فعال طور پر آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹریڈ اتھارٹی (PTA) تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مزید سہولت فراہم کرے گی اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مضبوط ہوں گے۔

ویتنامی سفیر نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط اور ثقافتی تعاون میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے ویتنام اور پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور معاشروں کے بارے میں باہمی تفہیم مزید فروغ پا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور رابطوں کو بہتر بنانے کی وسیع گنجائش موجود ہے، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے بھرپور ثقافتی و تاریخی ورثے اور قدرتی حسن سے روشناس ہونے کے مزید مواقع مل سکتے ہیں۔

سفیر فام آن ٹوان نے پاکستان کے لیے امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی کی دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ویتنام اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون مزید گہرا، وسیع اور مستحکم ہوگا، جس سے دونوں ممالک کے عوام کے ساتھ ساتھ خطے اور اس سے باہر امن، تعاون اور ترقی کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔