ہومپاکستاناو آئی سی-کامسٹیک کے زیر اہتمام مصنوعی ذہانت سے چلنے والے نظاموں کی انجینئرنگ پر دو روزہ تربیتی کورس

او آئی سی-کامسٹیک کے زیر اہتمام مصنوعی ذہانت سے چلنے والے نظاموں کی انجینئرنگ پر دو روزہ تربیتی کورس

اسلام آباد(سب نیوز) او آئی سی-کامسٹیک کے زیر اہتمام ’’مصنوعی ذہانت سے چلنے والے نظاموں کی انجینئرنگ‘‘ کے موضوع پر دو روزہ تربیتی کورس 10 اور 11 اگست 2026 کو کامسٹیک ایکسپرٹ سروس اور ASEA-UNINET پروگرامز کے تحت منعقد کیا گیا۔

یہ تربیتی کورس کامسٹیک سینٹر فار ٹریننگ اینڈ ریسرچ آن اے آئی اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کی میزبانی میں منعقد ہوا۔

تربیتی کورس میں تقریباً 60 شرکاء نے براہِ راست شرکت کی، جبکہ او آئی سی کے رکن اور مبصر ممالک سے 200 سے زائد شرکاء نے آن لائن شرکت کی۔

پاکستان میں جمہوریہ آسٹریا کے سفیر عزت مآب وولف گانگ اولیور کُتشیرا نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر آسٹریا کے سفیر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سافٹ ویئر کی ڈیزائننگ، تیاری اور دیکھ بھال کے طریقہ کار میں بنیادی تبدیلیاں لا رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ او آئی سی ممالک کے انجینئرز اور محققین کو نہ صرف مصنوعی ذہانت کے ٹولز استعمال کرنے بلکہ ان کی تفہیم، مؤثر نگرانی اور ذمہ دارانہ تشکیل کی صلاحیتوں سے بھی آراستہ ہونا چاہیے۔

سفیر نے تربیتی کورس کو او آئی سی-کامسٹیک اور جوہانس کیپلر یونیورسٹی لینز کے درمیان قابلِ قدر شراکت داری کا عکاس قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کورس شرکاء کی مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر انجینئرنگ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے مختلف مراحل میں اس کے استعمال، اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے متعلق اخلاقی و انتظامی چیلنجز کے بارے میں سمجھ بوجھ کو مزید مضبوط کرے گا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی-کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری نے ASEA-UNINET پروگرام اور پاکستانی و آسٹریا کے اداروں کے درمیان تعلیمی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے فروغ میں اس کے کردار پر شرکاء کو بریفنگ دی۔

انہوں نے او آئی سی کے رکن ممالک کے محققین اور اداروں کو دنیا کی معروف جامعات اور ماہرین سے منسلک کرنے کے لیے کامسٹیک کی جانب سے جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔

تربیتی کورس کی قیادت جوہانس کیپلر یونیورسٹی لینز کے ڈاکنٹ (ایسوسی ایٹ پروفیسر) ڈاکٹر عاطف مشکور نے کی، جو سافٹ ویئر پر مبنی پیچیدہ اور حفاظتی اعتبار سے حساس نظاموں کی ماڈل پر مبنی انجینئرنگ کے ماہر ہیں۔ وہ فرونیئس انٹرنیشنل میں ریکوائرمنٹس اینڈ پروسیس مینیجر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس سے قبل پاک آسٹریا فاخ ہوخ شُولے میں قائم سینو-پاک سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بانی مینیجنگ ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

ڈاکٹر عاطف مشکور یونیورسٹی آف کراچی کے آئی سی سی بی ایس میں ایڈجنکٹ فیکلٹی ممبر بھی ہیں۔ انہوں نے ریکوائرمنٹس انجینئرنگ، فارمل میتھڈز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر انجینئرنگ کے شعبوں میں 100 سے زائد تحقیقی مقالے تحریر کیے ہیں۔

یہ تربیتی پروگرام مصنوعی ذہانت کے شعبے میں استعدادِ کار بڑھانے، بین الاقوامی سائنسی تعاون کو فروغ دینے اور مسلم دنیا بھر کے محققین و ماہرین کو مستقبل کی ٹیکنالوجیز کی ذمہ دارانہ ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنے کے او آئی سی-کامسٹیک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔