اسلام آباد (آئی پی ایس )بیرون ملک روزگار کے لیے جانے کے خواہشمند پنجاب کے شہریوں کو صوبائی حکومت کی جانب سے مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے پرواز کارڈ اسکیم شروع کردی گئی ہے، جس کے تحت اہل افراد کو ابتدائی اخراجات پورے کرنے کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرض دیا جائیگا۔
حکومت پنجاب کے اس پروگرام کے تحت بیرونِ ملک ملازمت کے لیے روانہ ہونے والے مستحق ورکرز ویزا، ہوائی ٹکٹ، میڈیکل اور دیگر ضروری ابتدائی اخراجات کے لیے قرض حاصل کرسکیں گے۔پنجاب اسکل ڈیولپمنٹ فنڈ کے تعاون سے شروع کی گئی اسکیم کا مقصد بیرونِ ملک روزگار حاصل کرنے والے ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد کو درپیش مالی مشکلات کم کرنا اور ان کے لیے قانونی طریقے سے بیرونِ ملک روانگی آسان بنانا ہے۔
یہ سہولت ان افراد کے لیے دستیاب ہوگی جن کے پاس کسی غیر ملکی کمپنی کی جانب سے ملازمت کا کنفرم افر لیٹر موجود ہو، تاہم وہ بیرونِ ملک روانگی سے قبل درکار اخراجات اپنی مدد آپ کے تحت ادا کرنے کی مالی استطاعت نہ رکھتے ہوں۔اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست دہندہ کا پنجاب کا رہائشی ہونا ضروری ہے، جبکہ عمر کم از کم 18 سال مقرر کی گئی ہے۔
امیدوار کے پاس معتبر قومی شناختی کارڈ کے ساتھ بیرونِ ملک ملازمت کا تصدیق شدہ افر لیٹر بھی ہونا چاہیے۔اس کے علاوہ غیر ملکی ملازمت سے حاصل ہونے والی ماہانہ تنخواہ 5 ہزار سعودی ریال یا اس کے مساوی دیگر کرنسی سے کم ہونی چاہیے۔
اس اسکیم میں مرد اور خواتین دونوں درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ ہنر مند اور غیر ہنر مند ورکرز بھی قرض حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔پرواز کارڈ کے تحت فراہم کیا جانے والا بلا سود قرض بیرونِ ملک ملازمت کے سلسلے میں درکار مختلف ابتدائی اخراجات کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
ان اخراجات میں ویزا پروسیسنگ فیس، میڈیکل ٹیسٹ، ہوائی ٹکٹ، پروٹیکٹر رجسٹریشن، اسکلز ویریفیکیشن اور لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کی فیس شامل ہے۔اہل امیدوار پرواز کارڈ کے باضابطہ آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
درخواست کے دوران ضروری دستاویزات اور بیرونِ ملک ملازمت سے متعلق ثبوت آن لائن اپ لوڈ کرکے درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے۔درخواست جمع ہونے کے بعد امیدوار پورٹل کے ذریعے اپنی درخواست کی پیش رفت بھی معلوم کرسکیں گے۔
حکام کے مطابق درخواست گزاروں کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تمام دستاویزات کی باقاعدہ تصدیق کی جائے گی، جبکہ غلط یا نامکمل معلومات فراہم کرنے کی صورت میں درخواست منسوخ کردی جائے گی۔حکومت پنجاب کے مطابق پرواز کارڈ اسکیم کا مقصد شہریوں کو بیرونِ ملک روزگار کے لیے غیر قانونی ذرائع اختیار کرنے سے روکنا اور انہیں قانونی و محفوظ طریقے سے روزگار کے مواقع تک رسائی فراہم کرنا ہے، جس سے روزگار حاصل کرنے والے افراد کو معاشی طور پر مستحکم ہونے میں بھی مدد ملے گی۔
