پشاور(آئی پی ایس )خیبرپختونخوا اسمبلی نے اراکین اسمبلی کی مراعات اور استحقاق سے متعلق ترمیمی بل منظور کرلیا۔ ترمیمی بل حکومتی رکن اکرام اللہ غازی نے اسمبلی میں پیش کیا، جس کی منظوری دے دی گئی۔تفصیلات کے مطابق منظور شدہ ترمیمی بل کے تحت اراکین اسمبلی کیلئے تاحیات بلیو پاسپورٹ کی شق ختم کردی گئی ہے۔
بل کے متن کے مطابق بلیو پاسپورٹ صرف رکن اسمبلی کی مدتِ رکنیت تک کارآمد ہوگا، یعنی رکنیت ختم ہونے کے بعد یہ سہولت برقرار نہیں رہے گی۔اراکین اسمبلی کیلئے مفت اسلحہ لائسنسوں کی تعداد دوبارہ 4 مقرر کردی گئی ہے۔ متعلقہ شق میں ترمیم کے بعد اراکین اسمبلی کو چار مفت اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔ترمیمی بل کے تحت صحافیوں کیلئے جرمانوں اور سزاوں میں بھی کمی کردی گئی ہے۔ متن کے مطابق صحافیوں کی سزاوں میں اضافے سے متعلق شق واپس لے لی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی نے فرسٹ شیڈول میں موجود متنازع شقوں میں بھی ترامیم منظور کرلی ہیں۔
ترمیمی بل کی منظوری کے بعد اراکین اسمبلی کے بلیو پاسپورٹ، مفت اسلحہ لائسنس اور صحافیوں سے متعلق جرمانوں اور سزاوں کے حوالے سے قانون میں اہم تبدیلیاں ہوگئی ہیں۔ ترمیمی بل میں کی گئی تبدیلیوں کا مقصد اراکین اسمبلی کی مراعات اور استحقاق سے متعلق موجودہ قانونی شقوں میں ترمیم کرنا ہے، جبکہ صحافیوں سے متعلق سزاوں میں اضافے کی شق واپس لینے سے انہیں پہلے کے مقابلے میں ریلیف ملے گا۔
