اسلام آباد(سب نیوزاسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) اسلام آباد محترمہ یاسمین فاطمہ سے ان کے دفتر میں خیرسگالی ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں جانب سے ٹیکس انتظامیہ اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے، رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کے فروغ، ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور شفاف، مؤثر اور کاروبار دوست ٹیکس نظام کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں آر ٹی او اسلام آباد کے تمام زونز کے کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر (ہیڈکوارٹر)، اسٹاف آفیسر ٹو چیف کمشنر اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی، جبکہ آئی سی سی آئی کے وفد میں ایگزیکٹو بورڈ کے رکن محمد ذوالقرنین عباسی سمیت کاروباری برادری کے نمائندے بھی شامل تھے۔
اجلاس میں کاروباری طبقے کے لیے ٹیکس نظام کو مزید آسان اور مؤثر بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ انکم ٹیکس ریٹرن 2026 جمع کرانے، ایس آر او 1166(I)/2026 کے تحت چھوٹے تاجروں کی سہولت اور نیشنل ٹیکس نمبر (NTN) کے حصول کے لیے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خصوصی ٹیکس فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کیا جائے گا۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئی سی سی آئی اور شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں مشترکہ آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں گے تاکہ تاجروں کو نئے ٹیکس اقدامات، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور ٹیکس قوانین سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی جا سکے اور ٹیکس نظام کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
اجلاس میں اسلام آباد کے ریئل اسٹیٹ اور سروسز سیکٹر کی سیکٹرل مانیٹرنگ، ایس آر او 428(I)/2024 کے تحت پوائنٹ آف سیل (POS) انٹیگریشن، فیس لیس آڈٹ نظام، ٹیکس دہندگان کی شکایات کے بروقت ازالے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے عملی اقدامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا.
اس موقع پر چیف کمشنر آر ٹی او اسلام آباد محترمہ یاسمین فاطمہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آر ٹی او اسلام آباد ایک شفاف، مؤثر اور ٹیکس دہندگان دوست ادارے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی او اسلام آباد “سہولت پہلے، نفاذ بعد میں” کے اصول پر یقین رکھتا ہے اور آئی سی سی آئی کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ٹیکس طریقہ کار کو مزید آسان، ٹیکس دہندگان کی سہولیات کو بہتر اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کے رجحان کو فروغ دیتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام کمپلائنٹ ٹیکس دہندگان کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے چیف کمشنر محترمہ یاسمین فاطمہ اور ان کی ٹیم کے کاروبار دوست، فعال اور مثبت طرزِ عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل رابطہ اور سہولت پر مبنی اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی میں ٹیکس فیسلیٹیشن ڈیسک کا قیام، آگاہی سیشنز کا انعقاد اور نمایاں ٹیکس دہندگان کو شیلڈز دے کر ان کی حوصلہ افزائی جیسے اقدامات بالخصوص چھوٹے تاجروں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوں گے اور انہیں اپنی ٹیکس ذمہ داریاں بہتر انداز میں سمجھنے اور بروقت ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں مدد ملے گی۔
سردار طاہر محمود نے مزید کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور نمائندہ کاروباری تنظیموں کے درمیان مستقل مشاورت ہی کاروباری برادری کے حقیقی مسائل کے حل، ٹیکس نظام پر اعتماد کے فروغ اور معیشت کی مؤثر دستاویزی شکل کو یقینی بنا سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان ایک مضبوط رابطہ کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھتے ہوئے پائیدار معاشی ترقی، ٹیکس کلچر کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
آئی سی سی آئی اور آر ٹی او اسلام آباد کا ٹیکس دہندگان کے لیے مشترکہ سہولت مہم شروع کرنے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
