ہومتازہ ترینکامسٹیک اور فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کے مشترکہ پروگرام کے تحت 17 سوڈانی انجینئرز کی جدید ڈیجیٹل تربیت مکمل

کامسٹیک اور فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کے مشترکہ پروگرام کے تحت 17 سوڈانی انجینئرز کی جدید ڈیجیٹل تربیت مکمل

اسلام آباد (سب نیوز)او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون، کامسٹیک، اور فاسٹ نیشنل یونیورسٹی برائے کمپیوٹر و ایمرجنگ سائنسز کے مشترکہ پروگرام کے تحت 17 سوڈانی انجینئرز نے سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ میں آٹھ ہفتے کی جدید تربیت مکمل کرلی۔

6 جون سے 6 اگست تک جاری رہنے والے پروگرام کی اختتامی اور تقسیم اسناد کی تقریب فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کے اسلام آباد کیمپس میں منعقد ہوئی۔ تربیت کا مقصد شرکاء کو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے تحفظ، کلاؤڈ سسٹمز کے انتظام اور پیچیدہ ڈیٹا کے تجزیے میں عملی مہارت فراہم کرنا تھا۔

تقریب میں پاکستان میں سوڈان کے سفیر صالح محمد احمد محمد صدیق، کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر آفتاب احمد معروف اسلام آباد کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر وسیم شہزاد، فیکلٹی ارکان، تربیتی ماہرین، کامسٹیک حکام اور سوڈانی انجینئرز نے شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی میں پیشہ ورانہ تربیت او آئی سی کے رکن ممالک کی سائنسی و تکنیکی استعداد بڑھانے کے لیے کامسٹیک کی اہم ترجیحات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات سے دوچار ممالک کے سائنسدانوں، انجینئرز اور پیشہ ور افراد کی مدد مسلم دنیا کے اندر بامقصد تعاون کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے خصوصی تربیتی پروگرام کے انعقاد پر فاسٹ نیشنل یونیورسٹی اور شرکاء کی نامزدگی و رابطہ کاری پر سوڈان کے سفارت خانے کو سراہا۔

ڈاکٹر اقبال چوہدری نے سوڈانی انجینئرز کے قیام کے دوران بہترین رہائشی سہولیات اور میزبانی فراہم کرنے پر پرائم انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

سوڈان کے پاکستان میں سفیر سفیر صالح محمد احمد محمد صدیق نے کامسٹیک، فاسٹ نیشنل یونیورسٹی اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنگ اور مشکل حالات کے دوران پاکستان کی جانب سے تعلیم، تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی میں فراہم کی جانے والی معاونت سوڈان کے لیے انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے پروگرام کو او آئی سی ممالک کے درمیان بھائی چارے اور عملی تعاون کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اسکالرشپس اور خصوصی تربیتی مواقع سوڈانی عوام کے لیے قابل قدر تعاون ہیں۔ انہوں نے اس اشتراک کو دیگر علمی، سائنسی اور تکنیکی شعبوں تک توسیع دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر آفتاب احمد معروف نے کہا کہ یونیورسٹی نے پروگرام کی تجویز کا آغاز ہی سے خیرمقدم کیا تھا اور اس کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی جامعات کے پاس ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں ایسی مہارت موجود ہے جس سے سوڈان سمیت دیگر مسلم ممالک کے ماہرین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ فاسٹ نیشنل یونیورسٹی مستقبل میں کامسٹیک کے ساتھ سائبر سیکیورٹی، سیمی کنڈکٹر اور چپ ڈیزائن، ڈیٹا سائنس اور دیگر جدید شعبوں میں مزید تربیتی پروگرام منعقد کرنے کے لیے تیار ہے۔

تربیت یافتہ انجینئرز کی نمائندگی کرتے ہوئے احمد محمد الحافظ حسن زین العابدین نے کامسٹیک اور فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام سے شرکاء کی سائبر سیکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور ڈیٹا اینالیٹکس میں عملی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے اور یہ مہارتیں سوڈان کی ڈیجیٹل اور ادارہ جاتی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔

تقریب کے اختتام پر تمام 17 سوڈانی انجینئرز میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ منتظمین کے مطابق یہ پروگرام او آئی سی رکن ممالک کے پیشہ ور افراد کو پاکستان کی ممتاز جامعات اور تکنیکی اداروں سے منسلک کرکے جدید تربیت، علم کے تبادلے اور انسانی وسائل کی ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔