اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، کھیئل داس کوہستانی نے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں تعینات امریکہ کی قائم مقام ناظم الامور (Charge d’Affaires) نیٹلی بیکر سے ملاقات کی۔
ملاقات خوشگوار اور نتیجہ خیز ماحول میں ہوئی، جس میں پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق و فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر مملکت نے قائم مقام ناظم الامور کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مذہبی اقلیتوں کے تحفظ، ان کے حقوق کے فروغ، فلاح و بہبود اور اقلیتی کمیشن کے حوالے سے حکومتی عزم سے آگاہ کیا۔
دونوں جانب نے مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور مختلف مذاہب کے درمیان تعاون کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
