اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اردن میں یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس کے موقع پر صومالیہ کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون عبدالسلام عبدی علی اور اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
اسحاق ڈار اور صومالیہ کے وزیر خارجہ نے پاکستان اور صومالیہ کے برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی، تعلیمی اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماں نے کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، جبکہ مشرقِ وسطی اور مشرقی یروشلم کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے ملاقات میں دونوں رہنماوں نے پاکستان اور اردن کے درمیان سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تعلیمی، ثقافتی اور عوامی روابط مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے یروشلم میں اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات کے تحفظ اور فلسطینی عوام کی حمایت میں اردن کے کردار کو سراہا۔
ملاقات میں مقبوضہ مغربی کنارے کی بگڑتی ہوئی صورتحال، ایران اور امریکہ سے متعلق حالیہ پیشرفت سمیت علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار کی اردن اور صومالیہ کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
