ہومپاکستاننائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج رات اردن روانہ ہونگے،دفتر خارجہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج رات اردن روانہ ہونگے،دفتر خارجہ

اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار آج رات اردن کے دارالحکومت عمان روانہ ہوں گے، جہاں وہ 5 اگست 2026 کو یروشلم سے متعلق ہونے والے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا یہ دورہ اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ و تارکین وطن ایمن الصفدی کی دعوت پر کیا جارہا ہے۔اجلاس میں عرب لیگ کے رکن ممالک اور پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے، جہاں مقبوضہ یروشلم کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر مشترکہ موقف اختیار کرنے کے لیے مشاورت کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ اپنے دورے کے دوران اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے بھی ملاقات کریں گے۔دورہ عمان کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار شریک وزرائے خارجہ کے ساتھ الگ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں فلسطین سمیت خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی شرکت فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت اور ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان اپنے اس مقف پر قائم ہے کہ 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔