انقرہ (سب نیوز)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اپنے دو روزہ سرکاری دور ترکیہ کے دوران ترک وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورال اوغلوسے وفود کی سطح پر اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ریلوے کے شعبے میں طویل المدتی تعاون، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، جدید کاری اور علاقائی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں دونوں ممالک نے ریلوے کے شعبے میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے، جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے، صنعتی تعاون اور مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر اسلام آبادتہران استنبول فریٹ کوریڈور کی جلد بحالی اور اسے ایک موثر، مستقل اور پائیدار تجارتی راہداری بنانے پر اتفاقِ رائے پایا گیا۔ دونوں فریقین نے اس منصوبے کو جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرقِ وسطی اور یورپ کے درمیان تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔وفاقی وزیر ریلوے نے ترک وفد کو پاکستان ریلوے کی مین لائن کی روہڑی تا تفتان اپ گریڈیشن پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ایران کے ذریعے بین الاقوامی فریٹ ٹریفک اور علاقائی تجارت کو نمایاں فروغ ملے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مین لائن1 کے کراچی تا روہڑی سیکشن پر جاری پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ آئندہ مراحل میں ترک کمپنیوں کو سرمایہ کاری اور شراکت داری کی دعوت دی گئی۔ملاقات میں ازبکستان ،افغانستان،پاکستان ریلوے کوریڈور میں ترکیہ کی ممکنہ شمولیت اور تکنیکی تعاون پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جسے خطے میں مستقبل کے اقتصادی روابط کے لیے اہم منصوبہ قرار دیا گیا۔اجلاس کے دوران پاکستان ریلوے کی جاری ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، جدید سگنلنگ سسٹمز، رولنگ اسٹاک اپ گریڈیشن، نجی شعبے کی شمولیت اور آپریشنل اصلاحات پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ دونوں ممالک نے ڈیجیٹل ریلوے سلوشنز، جدید آپریشنل نظام، استعدادِ کار میں اضافے، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے پاکستان ریلوے کی کیرج فیکٹری اسلام آباد، کنکریٹ سلیپر فیکٹریز اور انجینئرنگ ورکشاپس میں مشترکہ سرمایہ کاری، جوائنٹ وینچرز، مقامی مینوفیکچرنگ اور جدید پیداواری صلاحیتوں کے فروغ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ مسافر کوچز، فریٹ ویگنز، ریلوے آلات اور دیگر سازوسامان کی مقامی تیاری میں ترک ٹیکنالوجی سے استفادے پر بھی مثبت پیش رفت ہوئی۔ملاقات میں دونوں جانب سے ریلوے منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور علاقائی رابطوں پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کی گئیں، جبکہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مختلف تجاویز پر باقاعدہ ورکنگ رابطوں کے ذریعے پیش رفت جاری رکھی جائے گی تاکہ تعاون کو عملی منصوبوں کی شکل دی جا سکے۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی جدید کاری میں ترکیہ کے تجربات، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ریلوے تعاون دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی، علاقائی رابطوں اور پائیدار ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
