اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی مربوط ڈیجیٹل پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں ڈیجیٹل گورننس، ڈیجیٹل معیشت اور شہری سہولیات کے فروغ سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل ڈیٹا سینٹر “اسکائی 47” کی سہولیات تمام وفاقی اداروں کو فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر مربوط ڈیٹا سینٹر تمام سرکاری اداروں کے ڈیٹا کو ایک ہی پلیٹ فارم پر محفوظ کرے گا، جبکہ مختلف اداروں کے الگ الگ ڈیٹا سینٹرز کے قیام سے گریز کے ذریعے قومی وسائل کی بھی بچت ممکن ہوگی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی حکومتی خدمات اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے مثر سمت متعین کر رہی ہے، جبکہ قومی ڈیجیٹل وژن کا نفاذ ایک مربوط اور جدید معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل شہری سہولیات اور ڈیجیٹل حکومتی خدمات کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ قومی مربوط ڈیجیٹل پالیسی کے تحت عالمی شراکت داری کو فروغ دیا جائے اور عالمی فورمز پر پاکستان کی موثر نمائندگی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ قومی ڈیجیٹل وژن کا اطلاق صحت، زراعت، یوٹیلیٹیز، ہاوسنگ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتی و تجارتی اداروں (ایس ایم ایز)سمیت مختلف شعبوں میں کیا جائے تاکہ عوام کو جدید اور موثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو بہتر ڈیجیٹل سہولیات جلد از جلد مہیا کی جائیں۔ وزیراعظم کے مطابق ڈیجیٹل آئی ڈی کے ذریعے شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کا اجلاس جلد طلب کیا جائے تاکہ صوبوں اور دیگر شراکت داروں کو اعتماد میں لے کر قومی ڈیجیٹل پالیسی پر عملدرآمد کو تیز کیا جا سکے۔
اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر قومی صحت مصطفی کمال، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم کی قومی ڈیجیٹل وژن پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
