اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو باسکٹ بال کی عالمی تنظیم فیبا ایشیا کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا ہے، وہ جنوری 2027 میں باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔فیبا ایشیا کے مطابق وسیم خان نے عہدے کی منتقلی کے عمل کے لیے تنظیم کے ساتھ کام شروع کر دیا ہے اور وہ موجودہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہاگوپ کھاجیرین سے ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل مکمل رہنمائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیں گے۔
وسیم خان فیبا ایشیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی حیثیت سے پورے ایشیا میں باسکٹ بال کے فروغ، انتظامی معاملات اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں گے، جس کے دائرہ کار میں براعظم کی 44 قومی باسکٹ بال فیڈریشنز شامل ہیں۔برطانوی نژاد پاکستانی اسپورٹس منتظم وسیم خان کو کھیلوں کے انتظامی شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں جنرل منیجر کرکٹ کے عہدے پر فائز رہے، جہاں سے انہوں نے رواں سال استعفی دیا تھا۔
اس سے پہلے وسیم خان 2019 سے ستمبر 2021 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو رہے۔ اپنے دور میں انہوں نے پاکستان کرکٹ کے اہم مرحلے میں انتظامی امور سنبھالے، بڑی ٹیموں کے دورہ پاکستان کی واپسی میں کردار ادا کیا اور ملکی ڈومیسٹک کرکٹ نظام میں اصلاحات کی نگرانی کی۔
وسیم خان اس سے قبل انگلینڈ کے لیسٹرشائر کانٹی کرکٹ کلب کے چیف ایگزیکٹو اور برطانیہ میں نوجوانوں کی کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کرنے والی تنظیم چانس ٹو شائن سے بھی وابستہ رہے۔ ان کی تقرری کو بین الاقوامی کھیلوں کی انتظامیہ میں پاکستانی نژاد افراد کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ وہ کرکٹ کے بعد باسکٹ بال کے عالمی نظام میں بھی اعلی انتظامی عہدہ سنبھالنے والے چند پاکستانی نژاد کھیلوں کے منتظمین میں شامل ہوگئے ہیں۔
