تہران (آئی پی ایس) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ایران اپنی سرزمین پر ہونے والے کسی بھی حملے کا جواب ضرور دے گا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ‘ایران یا اس کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا’۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر لکھا کہ ‘اس قسم کی جارحیت میں کسی بھی نوعیت کی معاونت کرنے والے تمام فریقوں کو بھی جائز ہدف تصور کیا جائے گا’۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کو ایران پر جہنم کے دروازے کھولنے کا حکم دیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے 3 روز قبل سینٹکام کو حکم جاری کیا، امریکی صدر نے تین روز پہلے کا بیان سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر آج دوبارہ جاری کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئےکہا ہےکہ ایران کو بڑی قیمت ادا کرنا پڑے گی، انہیں تباہ کیا جا رہا ہے، حملے جاری رہیں گے۔
ٹرمپ کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی خبر ایجنسی تسنیم سےگفتگو کرتے ہوئے ایک ایرانی فوج کے عہدیدار نےکہا کہ اگر امریکی ایران میں کسی پل یا بجلی گھر کو نشانہ بنائیں گے تو ایران بھی خطے کے بنیادی ڈھانچے، پلوں اور ان توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنائےگا جہاں امریکا کے مفادات موجود ہیں۔
