ہومپاکستاننائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چین میں پاکستانی سفیر کو پاک چین تعاون میں مزید وسعت دینے کی ہدایت

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چین میں پاکستانی سفیر کو پاک چین تعاون میں مزید وسعت دینے کی ہدایت

اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کو شنگھائی میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ہونے والی حالیہ مفاہمت پر موثر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات میں پاک چین تعلقات، حالیہ سفارتی پیش رفت اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستانی سفیر کو تجارت، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سفیر خلیل ہاشمی کو ہدایت کی کہ وہ شنگھائی میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ان کی حالیہ ملاقات کے دوران طے پانے والی مفاہمت پر فعال انداز میں عمل درآمد کو آگے بڑھائیں۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔