ہومپاکستانقازقستان کے سفیر کی پانچ سالہ سفارتی مدت کی تکمیل پر پریس کانفرنس ، پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات کے نئے دور کو اجاگر کیا

قازقستان کے سفیر کی پانچ سالہ سفارتی مدت کی تکمیل پر پریس کانفرنس ، پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات کے نئے دور کو اجاگر کیا

اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافن نے کہا ہے کہ سکیورٹی، علاقائی رابطہ کاری اور استحکام پاکستان اور قازقستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بنیادی ستون ہیں۔اسلام آباد میں اپنی پانچ سالہ سفارتی مدت کی تکمیل پر قازقستانی سفارتخانے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سفیر یرژان کستافن نے اعلان کیا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان براہِ راست پروازیں رواں سال کے آخر یا آئندہ سال شروع ہونے کا امکان ہے، جس سے کاروباری روابط، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ ملے گا۔

اپنی پانچ سالہ سفارتی مدت کا ذکر کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ وہ پاکستان کی مہمان نوازی اور اس دوران ہونے والے متعدد اعلی سطحی دوروں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے فروری 2026 میں قازقستان کے صدر قاسم ژومارت توکایف کے دور پاکستان کا خصوصی طور پر ذکر کیا، جبکہ گزشتہ سال مختلف شعبوں سے متعلق اہم وفود کے دوروں کو بھی اہم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانقازقستان بزنس کونسل کو دوبارہ فعال کردیا گیا ہے اور یہ موثر انداز میں کام کر رہی ہے، جس سے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔قازق سفیر نے کہا کہ تعلیم دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا ایک اہم شعبہ بن کر ابھری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی طلبہ کو جلد قازقستان میں تعلیم حاصل کرنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ اس سلسلے میں پاکستان کی وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر کے دور قازقستان کے دوران تعلیمی تعاون کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون بھی نہایت اہم ہے اور دونوں ممالک تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ سفیر یرژان کستافن نے زور دیا کہ دوطرفہ اور علاقائی رابطہ کاری کی حقیقی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ریلوے اور سڑکوں کے نیٹ ورک کو فروغ دینا ناگزیر ہے، جس سے وسطی اور جنوبی ایشیا میں وسیع تر ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ قازقستان نے صدر قاسم ژومارت توکایف کی اصلاحات کے تحت یک ایوانی پارلیمانی نظام اختیار کیا ہے۔ صدر توکایف ملک کی ترقی کے لیے تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جبکہ قومی بجٹ کا ایک نمایاں حصہ ان شعبوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔قازق سفیر نے میڈیا تعاون اور کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی امید کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے رواں سال کے آخر یا آئندہ سال قازقستان کے دورے کا امکان ہے۔ یہ دورہ قازقستان کے صدر قاسم ژومارت توکایف کی دعوت پر ہوگا۔ سفیر کے مطابق وزیر اعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ شراکت داری کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ایک سوال کے جواب میں سفیر یرژان کستافن نے کہا کہ قازقستان جلد شہری مقاصد کے لیے جوہری بجلی گھر کے منصوبے پر کام شروع کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔