اسلام آباد (سب نیوز)ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے سفارتی کوششیں ایک بار پھر تیز ہو گئی ہیں۔ ثالث ممالک نے 10 روزہ جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے، جب کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بھی اعلی سطح پر سفارتی رابطے جاری ہیں۔
ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی لانے کے لیے ثالث ممالک نے 10 روزہ جنگ بندی کی تجویز دے دی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ اس تجویز کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان عبوری معاہدے کو دوبارہ فعال کرنا اور کشیدگی میں کمی لانا ہے۔رائٹرز کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں 60 روزہ جنگ بندی، آبنائے ہرمز کی بحالی، حتمی معاہدے کے لیے ٹائم فریم طے کرنے اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق جامع مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
قبل ازیں ایرانی وزارت خارجہ نے بھی بتایا کہ امریکا کی جانب سے حملوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان ثالثوں کے ذریعے سفارتی رابطے جاری ہیں اور امریکا کیساتھ مذاکرات قومی مفادات کی بنیاد پر ہی کیے جا سکتے ہیں۔ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تہران میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ایران کو ثالثوں کے ذریعے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ثالثوں کے ذریعے پیغامات موصول ہوئے ہیں، اہم بات یہ ہے کہ حالیہ دنوں میں سفارتی نظام متحرک رہا ہے اور کچھ ثالثوں کی جانب سے ہمیں مختلف تجاویز پہنچائی گئی ہیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے خطے میں جاری حالیہ تنا اور جنگی صورتِ حال کی تمام تر ذمہ داری امریکا پر عائد کی۔ خطے کے دیگر ممالک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ ایران اپنے پڑوسیوں کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں رکھنا چاہتا۔ ہم ان سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں گے اور اپنی سرزمین سے ایران پر حملوں کی اجازت نہیں دیں گے۔
ادھر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی آج اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں ان کی پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون، سرحدی سلامتی اور خطے کی موجودہ صورتِ حال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے پاکستان کے نئے سفیر عمران صدیقی نے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتِ حال، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ایران، امریکا کشیدگی میں کمی کی نئی کوشش،اعلی سطح پر سفارتی رابطے جاری، ثالث ممالک کی 10روزہ جنگ بندی کی تجویز
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
