ہومپاکستاننائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈارکی چینی وزیر خارجہ سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر گفتگو

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈارکی چینی وزیر خارجہ سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر گفتگو

شنگھائی (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے دوطرفہ ملاقات کی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعلی پنجاب کے مصنوعی ذہانت اور خصوصی اقدامات کے مشیر علی مصطفی ڈار، پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب، وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (ایشیا پیسیفک)ڈاکٹر سید اسد علی گیلانی، اور چین میں پاکستان کے ناظم الامور اعزاز خان بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کے تمام اہم پہلووں کا جائزہ لیا اور پاک چین ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے سی پیک 2کے تحت اعلی معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں خطے اور عالمی سطح پر ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس ملاقات نے پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید تقویت دی اور جدت پر مبنی ترقی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔