اسلام آباد (آئی پی ایس )ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز برائن لارا نے سابق پاکستانی کپتان اورسابق وزیراعظم عمران خان کو مناسب طبی سہولیات اور باوقار حالات فراہم کرنے کی عالمی اپیل کی حمایت کردی۔برائن لارا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکانٹ پر جاری بیان میں کہا کہ عمران خان کو مناسب، آزادانہ طبی نگہداشت اور وہ وقار ملنا چاہیے جس کا ہر انسان حقدار ہے۔
ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بلے باز نے کہا کہ ان کی اور عمران خان کی کرکٹ کے میدان میں صرف چند مرتبہ ملاقات یا مقابلہ ہوا، تاہم 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والے پاکستانی کپتان کے لیے ان کے دل میں احترام فوری اور دیرپا تھا۔برائن لارا نے اپنے بیان میں لکھا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ جو شخص اپنے کھیل کے عروج پر اپنے ملک کے لیے امید، فخر اور تحریک کی علامت تھا وہ اب ایسی صورتحال سے کیسے دوچار ہوسکتا ہے جہاں اسے وہ ہمدردی اور وقار نہیں مل رہا جس کا وہ مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سابق بین الاقوامی کپتانوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو عمران خان کو مناسب اور آزادانہ طبی سہولت فراہم کرنے اور انہیں ہر انسان کے بنیادی وقار کے مطابق سلوک دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔برائن لارا نے واضح کیا کہ یہ معاملہ سیاست کا نہیں بلکہ کرکٹ کے ایک لیجنڈ کے ساتھ بنیادی انسانیت کا معاملہ ہے۔
