اسلام آباد(سب نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو انتہائی مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی دوستی بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود ہمیشہ ثابت قدم رہی ہے اور دفاع، معیشت اور ثقافتی شعبوں سمیت مختلف میدانوں میں مسلسل فروغ پا رہی ہے۔وہ بدھ کے روز اسلام آباد میں چین کی عوامی آزادی کی فوج (پیپلز لبریشن آرمی)کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کی میزبانی پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ اور چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ نے کی، جس میں اعلی فوجی حکام، سفارتی برادری کے ارکان اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے چینی قیادت، پیپلز لبریشن آرمی کے افسران اور جوانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری وقت کے ساتھ خطے کے مضبوط ترین دوطرفہ تعلقات میں تبدیل ہو چکی ہے اور اسٹریٹجک تعاون کی ایک بہترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون گزشتہ برسوں میں نمایاں طور پر فروغ پایا ہے اور یہ وسیع تر دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون بن چکا ہے۔ایئر چیف نے کہا کہ اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان قریبی ہم آہنگی نہ صرف علاقائی امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے لیے مثبت کردار ادا کر رہی ہے بلکہ ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا کر رہی ہے۔انہوں نے چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اپنی دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم بنانے اور عوام کے باہمی مفاد کے لیے تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب میں شرکت پر پاک فضائیہ کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے چین کے ساتھ دیرینہ دوستی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی کی سالگرہ چین کے امن کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے عزم کی علامت ہے، جبکہ یہ چین اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور پائیدار شراکت داری کی بھی عکاسی کرتی ہے۔چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ نے بھی دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان کے ساتھ فوجی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے اختتام پر دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور اس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جسے علاقائی امن، سلامتی اور مشترکہ خوشحالی کا ایک اہم ستون قرار دیا جاتا ہے۔
پاک چین شراکت داری وقت کیساتھ خطے کے مضبوط ترین دوطرفہ تعلقات میں تبدیل ہو چکی ،ایئر چیف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
