ہومپاکستانعمرہ نظام میں بڑی اصلاحات، نئے رولز نافذ کر دیے گئے

عمرہ نظام میں بڑی اصلاحات، نئے رولز نافذ کر دیے گئے

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی حکومت نے حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے تحت عمرہ انتظامات کے لیے نئے رولز نافذ کر دیے ہیں، جن کا مقصد عمرہ نظام میں شفافیت، موثر نگرانی اور زائرین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔نئے قواعد کے مطابق عمرہ انتظامات اب وزارت مذہبی امور کے دائرہ اختیار میں ہوں گے جب کہ عمرہ پالیسی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی، نئی عمرہ پالیسی وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ صرف وزارت مذہبی امور سے تصدیق شدہ عمرہ کمپنیاں ہی زائرین کو خدمات فراہم کر سکیں گی، عمرہ کمپنیوں کو نسک معاہدوں کی فوری تصدیق کرانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔وزارت کی جانب سے مستند عمرہ آپریٹرز کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی جب کہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بکنگ صرف رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ کمپنیوں سے ہی کروائیں۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ کمپنیوں سے بکنگ کی صورت میں ذمہ داری خود زائرین پر ہوگی جب کہ شکایات کا ازالہ صرف تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کے خلاف کیا جائے گا۔نئے رولز کے تحت عمرہ پیکیجز کی ادائیگی بینکنگ چینل کے ذریعے کرنے اور تمام متعلقہ دستاویزات محفوظ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ نئے اقدامات سے عمرہ آپریشنز میں بہتری، فراڈ کی روک تھام اور زائرین کو محفوظ اور بہتر سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔