اسلام آباد(سب نیوز)سی ڈی اے مزدور یونین کی مشاورتی کونسل کا اہم اجلاس سینی ٹیشن آفس سیکٹرجی-6 اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین، صدر اورنگزیب خان، حاجی صابر، ملک عاصم، خالد محمود، چوہدری زاہد، چوہدری منیر، حاجی یعقوب، چوہدری نزاکت، وارث دلیپ، سلیم بھٹی، نشاط اکبرستی، ملک دلشاد، طارق شریف، رانا ندیم، چوہدری اشفاق گجر، کلیم اللہ زمری، تشکیل جاوید، الیاس طفیل، سلیم راجپوت، سلیم بگا سمیت دیگرعہدیداران اور سی بی اے کمیٹیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں سینی ٹیشن شعبے کی نجکاری، ملازمین کو درپیش مسائل، صفائی کے نظام کی بہتری اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غوروغوص کیا گیا۔
اس موقع پر مشاورتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین، وارث دلیپ، سلیم بھٹی، نشاط اکبرستی، ملک دلشاد، طارق شریف اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ کسی بھی ملک کا دارالحکومت اس کی شناخت اور چہرہ ہوتا ہے جبکہ اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے میں سینی ٹیشن کے ملازمین بالخصوص مسیحی ملازمین شب و روز انتہائی مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ملازمین شدید گرمی، سردی اور بارش میں کھلے آسمان تلے بغیر مناسب حفاظتی آلات اور بنیادی سہولیات کے فرائض سرانجام دیتے ہیں مگر افسوس کہ آج تک ان کے لیے مناسب سائٹ آفسز، آرام گاہوں اور دیگر بنیادی سہولیات کا انتظام نہیں ہے جبکہ سی ڈی اے انتظامیہ سینی ٹیشن شعبے کی نجکاری کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس سے ہزاروں ملازمین میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ اور نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) کے واضح فیصلے موجود ہیں اس کے باوجود نجکاری کی کارروائی جاری رکھنا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور توہین عدالت کے مترادف ہے اور اسی سلسلے میں آج سی ڈی اے مزدور یونین نے این آئی آر سی میں توہین ِ عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے جس پر معزز ممبر نے سی ڈی اے انتظامیہ کے متعلقہ افسران کو 27 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
اس موقع پرمزدوررہنماں نے مطالبہ کیا کہ سینی ٹیشن کی نجکاری کرنے کے بجائے مختص بجٹ سے جدید مشینری، گاڑیاں اور حفاظتی آلات خریدے جائیں تاکہ صفائی کے نظام کو مزید مثر بنایا جا سکے اور اس کے ساتھ ساتھ خالی آسامیوں پر فوری بھرتیاں کر کے افرادی قوت میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہترین صفائی کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سی ڈی اے کے ممبر انوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی سے بھی تفصیلی ملاقات ہوئی جنہوں نے یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ ملازمین کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور سینی ٹیشن سے متعلق کسی بھی اہم فیصلے سے قبل سی بی اے مزدور یونین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔اس موقع پر انھوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے انتظامیہ نجکاری کے فیصلے پر فوری نظرثانی کرے اور ملازمین کے تحفظات دور کرے بصورت دیگر مزدور یونین سات روز کے اندر جنرل باڈی کا اجلاس طلب کر کے آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی اور اپنے قانونی، آئینی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور اگر اس صورتحال کے باعث دارالحکومت کا صنعتی امن متاثر ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری سی ڈی اے انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
