اسلام آباد(سب نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے کئی دہائیوں پر محیط جدوجہد کے دوران اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں تاریخ میں ہمیشہ احترام اور عقیدت کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا نے حق، انصاف اور انسانی وقار کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش باب رقم کیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر 13 جولائی 1931 کے اس تاریخی واقعے کی یاد میں منایا جاتا ہے جب سری نگر سینٹرل جیل کے باہر ڈوگرہ راج کے خلاف احتجاج کرنے والے نہتے کشمیریوں پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 22 کشمیری شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ان شہدا کی قربانیوں نے کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو مزید تقویت دی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر ہمیں کشمیری شہدا کی قربانیوں کو یاد کرنے اور حق، انصاف اور انسانی وقار کے اصولوں کے لیے اپنے عزم کو مزید مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے مشکلات کے باوجود اپنے عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے، جو جرات اور استقامت کی مثال ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت کی ہے اور ان کے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے لیے قومی و بین الاقوامی فورمز پر اصولی مقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے بھی اس حوالے سے اپنا مثر کردار ادا کرتے ہوئے مختلف مواقعوں پر متفقہ قراردادوں کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ مسئلہ جموں و کشمیر کی جانب مبذول کرائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے پاکستان کی پارلیمان انسانی حقوق، انصاف اور امن کے اصولوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام سے جڑا ہوا ایک دیرینہ تنازع ہے، جس کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ناگزیر ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ جموں و کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے مثر کردار ادا کرے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد وہ دن آئے گا جب کشمیری عوام امن، آزادی اور خوشحالی کی فضا میں زندگی گزار سکیں گے اور ان کی آنکھوں میں بسے بہتر مستقبل کے خواب شرمند تعبیر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی خوشحالی، ترقی اور امن و سکون ہی خطے کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر کشمیری عوام کی قربانیوں، عزم اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا کی قربانیاں جرات، استقامت اور حق و انصاف کے لیے جدوجہد کی لازوال داستان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے بنیادی حقوق کے لیے غیر معمولی عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ کشمیری عوام کی جائز امنگوں کا احترام اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہی خطے میں پائیدار امن و استحکام کی بنیاد ہے۔
