اسلام آباد:(سب نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں خصوصی افراد (پرسنز وِد ڈس ایبلٹیز) کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اہم منصوبے زیرِ غور ہیں، جن پر جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا، جس سے خصوصی افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز اسلام آباد میں واقع اپنے کیمپ آفس میں ڈیجیٹل پاکستان اسپیشل کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران کیا۔
ڈیجیٹل پاکستان اسپیشل کی ادارت اور پروڈکشن ٹیم، چیف ایڈیٹر فرحت عباس کی قیادت میں، اسلام آباد میں گورنر خیبرپختونخوا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خصوصی افراد کی سماجی و معاشی صورتحال، ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی، اور صوبے میں ادارہ جاتی معاونت سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔
انٹرویو کے دوران خیبرپختونخوا میں خصوصی افراد سے متعلق موجودہ قوانین اور ان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، جبکہ اس شعبے میں موجود اہم انتظامی اور قانونی خلا کو دور کرنے کی ضرورت پر بھی خصوصی زور دیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا یہ جامع دو لسانی (اردو و انگریزی) خصوصی انٹرویو آئندہ ہفتے ڈیجیٹل پاکستان اسپیشل کے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کیا جائے گا۔
