ہومتازہ ترینخضدار، قبائلی شخصیت شفیق الرحمن مینگل کی رہائشگاہ پر خودکش حملہ، 14افراد جاں بحق، 5حملہ آور ہلاک

خضدار، قبائلی شخصیت شفیق الرحمن مینگل کی رہائشگاہ پر خودکش حملہ، 14افراد جاں بحق، 5حملہ آور ہلاک

خضدار (سب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ممتاز قبائلی شخصیت میر شفیق الرحمن مینگل کی رہائش گاہ پر بدھ کے روز ہونے والے خودکش اور مسلح دہشت گرد حملے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ جوابی کارروائی میں 5 حملہ آور مارے گئے۔حملے میں میر شفیق الرحمن مینگل محفوظ رہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، پولیس اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ انتہائی منظم انداز میں کیا گیا۔
ابتدائی طور پر ایک خودکش حملہ آور نے رہائش گاہ کے مرکزی گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس سے داخلی راستہ تباہ ہوگیا۔ اس کے فورا بعد دیگر خودکش اور مسلح حملہ آور گھر کے اندر داخل ہوگئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی پر مامور اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان تقریبا تین گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے تمام پانچ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر سی ایم ایچ اور ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کیا گیا۔
وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن دشمن عناصر بلوچستان کے امن، استحکام اور عوامی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم حکومت، عوام اور سکیورٹی اداروں کے عزم کے سامنے دہشت گرد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ میر شفیق الرحمن مینگل نے جس بہادری، جرات اور ثابت قدمی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، وہ قابل تحسین ہے اور دہشت گردوں کے سامنے نہ جھکنے کے قومی عزم کی بہترین مثال ہے۔وزیراعلی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔