نئی دہلی (آئی پی ایس )برطانوی اخبار دی گارڈین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مختلف غیر ملکی دوروں کے دوران ملنے والے اعزازات پر سوالات اٹھاتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ان میں سے متعدد ایوارڈز ایسے ہیں جو یا تو ان کے دورے سے چند روز قبل تخلیق کیے گئے یا پھر ان کے وہ پہلے اور تاحال واحد وصول کنندہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مودی کے بیرونی اعزازات اب بھارت میں سیاسی تنازع کا موضوع بنتے جا رہے ہیں اور ان پر اندرونِ ملک بھی بحث جاری ہے۔دی گارڈین کے مطابق نریندر مودی کو سیشلز میں دیا گیا ایوارڈ ان کی آمد سے صرف 3 روز قبل متعارف کرایا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی اس نئے اعزاز کے پہلے اور اب تک واحد وصول کنندہ ہیں۔
برطانوی اخبار نے یہ دعوی بھی کیاکہ اس ایوارڈ کے سرٹیفکیٹ میں Republic اور Seychelles جیسے الفاظ بھی غلط لکھے گئے تھے، جبکہ سرٹیفکیٹ کے بارے میں یہ خدشات بھی سامنے آئے کہ اسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کیا گیا تھا۔تاہم سیشلز کی وزارت خارجہ نے ان دعوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ غلطیوں والا سرٹیفکیٹ دراصل ایک ورکنگ ڈرافٹ تھا، جبکہ اصل اور منظور شدہ سرٹیفکیٹ بعد میں جاری کردیا گیا۔ سیشلز حکومت نے یہ بھی واضح کیاکہ مودی کو دیا گیا Guardian of the Blue Horizon اعزاز مکمل طور پر حقیقی ہے۔
مودی کو ملنے والے اس اعزاز پر بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے طنز کرتے ہوئے کہا انہیں کوئی بھی ایوارڈ دیں، وہ دوڑے چلے آئیں گے۔دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے مودی کو سیشلز کا اعزاز ملنے کو بھارت کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز انہیں ماحولیاتی قیادت اور ماحول دوست اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا۔
