اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ دنیا بھر میں معاشی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور پائیدار سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مؤثر اور آزمودہ ماڈل کے طور پر تسلیم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹرانسپورٹ، توانائی، شہری انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم، ہاؤسنگ اور بلدیاتی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ماڈل نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے، کارکردگی میں بہتری لانے اور طویل المدتی ترقیاتی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام “آئی سی سی آئی سسٹر سٹیز انیشی ایٹو” کے تحت منعقدہ ایک خصوصی پریزنٹیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) کے نمائندے نے شرکاء کو اس شعبے میں موجود مواقع سے آگاہ کیا۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) کے ڈپٹی ہیڈ پالیسی محمد اویس نے ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے شرکاء کو پی پی پیز کے بنیادی تصورات، ریگولیٹری فریم ورک، ادارہ جاتی طریقہ کار اور مختلف منصوبوں کی تیاری و تکمیل کے مراحل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی تھری اے نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مستحکم بنانے اور پائیدار انفراسٹرکچر منصوبوں کی کامیاب تکمیل کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط استوار کرنے، مکالمے کے فروغ، علم و تجربات کے تبادلے اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی سسٹر سٹیز انیشی ایٹو ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے، اختراعی سوچ کو آگے بڑھانے اور اقتصادی ترقی کے لیے باہمی تجربات سے استفادہ کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے۔
آئی سی سی آئی سسٹر سٹیز انیشی ایٹو کے کنوینر ساجد اقبال نے کہا کہ جدید مالیاتی ذرائع اور سرمایہ کاری کے متبادل ماڈلز کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا پاکستان کی ترقیاتی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
تقریب میں آئی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، سرمایہ کاروں، ڈویلپرز، مالیاتی اداروں کے نمائندگان، کنسلٹنٹس اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی سی سی آئی میں پی تھری اے کے اشتراک سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر سیشن کا انعقاد
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
