حیدرآباد(سب نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)سکھر زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قومی اسمبلی کا جعلی افسر بن کر فراڈ کرنے والے ملزم کو گھوٹکی سے گرفتار کر لیا۔ کارروائی قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم خود کو پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظاہر کرکے مختلف افراد اوراداروں کو گمراہ کرتا رہا۔ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے قومی اسمبلی میں ملازمت کا تاثر دینے کے لیے جعلی سرکاری دستاویزات بھی تیار کر رکھی تھیں۔ترجمان کے مطابق ملزم نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے جعلی دستخط استعمال کرتے ہوئے تقرری نامہ بھی تیار کیا، جسے سرکاری دستاویز کے طور پر پیش کر کے خود کو قومی اسمبلی کا افسر ظاہر کرتا رہا۔
ایف آئی اے نے جعلی دستاویزات قبضے میں لے کر ان کی فرانزک جانچ بھی شروع کر دی ہے۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی باقاعدہ شکایت موصول ہونے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گھوٹکی سے گرفتار کیا گیا۔ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس نے جعلی شناخت کے ذریعے مالی فوائد حاصل کیے یا کسی منظم گروہ کے ساتھ مل کر جعلسازی کی۔حکام کے مطابق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔
ایف آئی اے کی کارروائی ، قومی اسمبلی کا جعلی افسر بن کر فراڈ کرنیوالا ملزم گرفتار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
