اسلام آباد(آئی پی ایس ) پاکستان میں تعینات جمہوریہ تاجکستان کے سفارت خانے نے تاجکستان کے قومی یگانگت (نیشنل یونٹی) ڈے کی 29ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں پاکستان میں مقیم تاجک باشندوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں جمہوریہ تاجکستان کے غیر معمولی اور مختار سفیر، یوسف شریف زادہ نے شرکا کو اس اہم قومی دن کی مبارکباد پیش کی اور قومی یگانگت کے دن کی تاریخی اہمیت اور اس کی پائیدار قومی قدر پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ 27 جون 1997 کو امن اور قومی مفاہمت کے قیام کے عمومی معاہدے پر دستخط تاجکستان کی جدید ریاستی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز تھا، جس نے ملک میں امن و استحکام کی بحالی، ریاستی اداروں کے استحکام، قومی اتحاد کے فروغ اور پائیدار ترقی کی مضبوط بنیاد فراہم کی۔سفیر نے تاجکستان کے بانی امن و قومی یگانگت، قائدِ ملت اور صدرِ جمہوریہ تاجکستان عزت مآب امام علی رحمان کے تاریخی کردار کو خصوصی طور پر اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن کی بحالی، قومی اتحاد کے استحکام اور تعمیری ترقی کے فروغ میں ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ ملت کی دانشمندانہ قیادت، مضبوط سیاسی عزم اور مسلسل کوششوں کی بدولت تاجکستان خانہ جنگی کے تباہ کن اثرات سے نکل کر امن، استحکام اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔سفیر یوسف شریف زادہ نے کہا کہ قومی یگانگت تاجکستان کی آزادی کے بعد حاصل ہونے والی عظیم ترین کامیابیوں میں سے ایک ہے، اور اس کا تحفظ اور استحکام ہر شہری کی مقدس ذمہ داری ہے۔انہوں نے بیرونِ ملک مقیم تاجک شہریوں پر زور دیا کہ وہ حب الوطنی، قومی اقدار کے احترام اور اپنے وطن کی نیک نامی کے تحفظ کے ذریعے تاجکستان کے مثبت عالمی تشخص کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اپنے خطاب میں سفیر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے تاجکستان کی تجویز کردہ قرارداد آئندہ نسلوں کے لیے امن کے استحکام کا بین الاقوامی عشرہ (2027 تا 2036) کی منظوری کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی اقدام تاجکستان کو ایک امن پسند ملک اور عالمی امن کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے والی ریاست کے طور پر تسلیم کیے جانے کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امن اور قومی یگانگت کے حصول میں تاجکستان کا منفرد تجربہ نہ صرف ملک بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی ایک اہم مثال ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر پیش کی جانے والی امن سے متعلق تاجکستان کی تجاویز عالمی سطح پر اس کے بڑھتے ہوئے وقار اور مقام کی عکاسی کرتی ہیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر سفیر نے شرکا پر زور دیا کہ وہ امن و استحکام کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں، قومی اتحاد کو مضبوط بنائیں، ریاستی اقدار کا تحفظ کریں اور ایک آزاد اور خوشحال تاجکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔تقریب کے دوران تاجکستان میں امن کے قیام، قومی یگانگت کی کامیابیوں اور قائدِ ملت کے کردار پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ شرکا نے فلم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جس میں ملک کی ترقی کے لیے امن اور قومی اتحاد کی اہمیت کو مثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔ تقریب کا ثقافتی حصہ دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا، جہاں شرکا نے تاجکستان کی آزادی کے بعد حاصل ہونے والی کامیابیوں اور قومی یگانگت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سفارت خانے کی جانب سے مہمانوں کی تواضع روایتی تاجک دسترخوان سے کی گئی۔ تقریب وطن سے محبت، قومی فخر اور باہمی خیرسگالی کے جذبات کے ساتھ خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
