Saturday, June 20, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینبنوں کے نیم قبائلی علاقے میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے، 7 افراد جاں بحق

بنوں کے نیم قبائلی علاقے میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے، 7 افراد جاں بحق

بنوں: (آئی پی ایس) بنوں کے نیم قبائلی علاقے برغنتو میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈی پی او یاسر آفریدی نے بتایا ہے کہ تھانہ احمد زائی کی حدود میں پہلا دھماکہ سواریوں سے بھرے ڈاٹسن کے قریب ہوا اور جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیوں کے درمیان ہی دوسرا دھماکہ ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاٹسن میں ہاتھی خیل قوم کے افراد سوار تھے ، جاں بحق افراد کو آر ایچ سی اور زخمیوں کو کے جی این منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

یاسر آفریدی نے مزید بتایا کہ سکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور شواہد اکٹھے کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

سڑک کنارے آئی ای ڈی دھماکے میں تحصیلدار سب ڈویژن وزیر عابد اللہ کی گاڑی بھی زد میں آئی، جسے نقصان پہنچا، تاہم وہ خود محفوظ رہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں دھماکوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کی عالمی سفارتی کامیابیوں اور امن کے فروغ کی کوششوں کو متاثر کرنا چاہتے ہیں، تاہم پاکستان علاقائی و عالمی امن کی حمایت جاری رکھے گا اور دہشت گردوں کو شکست دی جائے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعہ کی فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت، پاکستان کے امن اور استحکام کے خلاف گھناؤنی سازش ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتیں، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی، ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔