اسلام آباد (سب نیوز)محکمہ موسمیات نے 16 سے 20 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ کے مطابق مغربی ہواوں کا سلسلہ 16 جون سے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جبکہ خلیجِ بنگال سے مرطوب ہوائیں بھی ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں پہنچیں گی۔
پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور دیگر علاقوں میں 16 سے 20 جون کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع جبکہ سندھ کے بالائی علاقوں میں بھی 16 سے 20 جون کے دوران بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواں، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کی 16تا 20جون تک ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز بارشوں اور آندھی کی پیش گوئی ،الرٹ جاری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

