Tuesday, June 16, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینسید عاصم منیر نے بغیر لڑے جنگ جیتی، پاکستان امریکا اور ایران کا معاہدہ نہ کرواتا تو مسلم امہ کے اندر لڑائی ہوتی، سیکیورٹی ذرائع

سید عاصم منیر نے بغیر لڑے جنگ جیتی، پاکستان امریکا اور ایران کا معاہدہ نہ کرواتا تو مسلم امہ کے اندر لڑائی ہوتی، سیکیورٹی ذرائع

راولپنڈی (سب نیوز)پاکستان کے سینیئر سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ پاکستان اگر ایران امریکا جنگ کے خاتمے اور امن معاہدے کے لیے کردار ادا نہ کرتا تو اس وقت مسلم امہ کے اندر جنگ ہو رہی ہوتی۔
منگل کے روز صحافیوں اور سینیئر اینکرز کو دی گئی ایک بیک گراونڈ بریفنگ میں سیکیورٹی حکام نے کہاکہ جنگ میں سب سے بڑی کامیابی وہ ہوتی ہے جو بغیر لڑے حاصل کی جائے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یہ جنگ بھی بغیرلڑے جیتی ہے کیونکہ یہ پاکستان پر بھی مسلط ہو چکی تھی۔سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو بھی یہ جنگ رکوانے کا بہت بڑا کریڈٹ جاتا ہے کیونکہ جس صبر و تحمل کا مظاہرہ سعودی عرب نے کیا ہے اور جنگ کے دوران اپنے اوپر حملوں کا جواب دینے کی بجائے اسٹریٹیجک فیصلے اور امن کے لیے رہنمائی فراہم کی ہے اگر وہ نہ کی جاتی تو بھی امن قائم کرنا ممکن نہ ہوتا۔
انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ قطر، ترکیہ، مصر اور یو اے ای نے بھی قیام امن کے لیے کردار ادا کیا ہے اور ان کا سراہا جانا ضروری ہے۔ پاکستانی حکام نے کہاکہ اب بھی امن کوششوں کو تباہ کرنے کے لیے بہت سارے سپائلرز اور ڈی ٹریکرز اور ان قوتوں کے تخلیق کیے گئے مختلف زاویے موجود ہیں، اسی لیے پاکستان انتہائی احتیاط سے کام لیتا آیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا کردار ایک مصالحتی معاون کا تھا اسی لیے پاکستان کی طرف سے کوئی ایسی بیان بازی نہیں کی گئی جس سے افواہ سازی کو ہوا ملتی۔ جب یہ خبریں آ رہی تھیں کہ مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہیں اس وقت بھی ہمیں پتا تھا کہ یہ کامیابی کے بالکل قریب ہیں لیکن ہم خاموش رہے کیونکہ ہمارا واحد مقصد مذاکرات کی کامیابی تھا نہ کہ ہیڈلائن ڈپلومیسی۔
حکام کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کی 40 سالہ رقابت میں ان مذاکرات کو کامیاب بنانا ایک پیچیدہ عمل تھا لیکن پاکستان نے یہ ہدف انتہائی کامیابی سے حاصل کیا اور پاکستان کا واحد مقصد خطے اور پاکستان میں امن کا قیام تھا۔حکام نے کہاکہ اس جنگ کے معاشی اثرات پاکستان میں امیر سے امیر اور غریب سے غریب لوگوں پر مرتب ہوئے اور اگر یہ جاری رہتی تو اس کے سیکیورٹی اور تباہی کے نتائج بھی مرتب ہوتے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔