مظفر آباد (سب نیوز)آزاد کشمیر پولیس نے کہا ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے اب تک 72 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے اسلحہ، مواصلاتی آلات اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے، جبکہ ان پر عوامی زندگی مفلوج کرنے، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور ریاستی امن کو متاثر کرنے کے الزامات ہیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر پولیس گزشتہ کئی ہفتوں سے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کے لیے قانون کے مطابق فرائض انجام دے رہی ہے۔ بیان کے مطابق ابتدائی کارروائیوں کے دوران بعض عناصر نے عوامی مسائل کے نام پر احتجاجی سرگرمیوں کو استعمال کرتے ہوئے شہری زندگی کو متاثر کرنے، سڑکیں بند کرنے اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ترجمان کے مطابق پولیس اور خفیہ اداروں سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر متعدد مشتبہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران اسلحہ، مواصلاتی آلات اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
پولیس کا دعوی ہے کہ ان افراد کے بعض مشکوک روابط کے حوالے سے بھی قانونی تقاضوں کے مطابق تحقیقات جاری ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی اور قانونی حق ہے، تاہم کسی بھی صورت قانون شکنی، تشدد، املاک کو نقصان پہنچانے یا شہریوں کی معمول کی زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے جو امن عامہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں اور اشتعال انگیز مواد سے گریز کریں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس اسٹیشن یا سیکیورٹی اداروں کو دیں۔

