Tuesday, June 2, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومبریکنگ نیوزچیرمین سی ڈی اے سے آئی سی سی آئی کے وفد کی ملاقات، تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کا وعدہ

چیرمین سی ڈی اے سے آئی سی سی آئی کے وفد کی ملاقات، تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کا وعدہ

اسلام آباد(آئی پی ایس )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد، لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی اصل محرک ہے جو پاکستان کی اقتصادی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سی ڈی اے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور اسلام آباد میں کاروبار دوست ماحول کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے ایک اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس کی قیادت صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود کر رہے تھے۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر فنانس اینڈ پلاننگ محمد عمیر بھی موجود تھے۔

وفد میں چیئرمین فانڈر گروپ آئی سی سی آئی شیخ طارق صادق، سابق صدر شیخ عامر وحید، ایگزیکٹو ممبرز عبدالرحمن صدیقی، عمیر عبد الناصر ،سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، چیئرمین آئی سی سی آئی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے رئیل اسٹیٹ اسرار الحق مشوانی سمیت دارالحکومت کی کاروباری برادری کے متعدد نمایاں نمائندگان شامل تھے۔

ملاقات کے دوران اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور تعمیراتی شعبے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ زیرِ بحث آنے والے اہم نکات میں فلور ایریا ریشو (FAR) چارجز میں معقولیت، ٹرانزیکشن لاگت اور ٹرانسفر فیسوں میں کمی، تاخیر سے تعمیرات پر عائد جرمانوں کا جائزہ، لیئن مارکنگ چارجز، وراثتی و فیملی ٹرانسفر فیس، پاور آف اٹارنی رجسٹریشن چارجز، سیل ڈیڈ کے ذریعے ٹائٹل کی منتقلی، کاروبار میں آسانی کے لیے اصلاحات اور اسلام آباد کے صنعتی و تجارتی ماحول کو مزید مسابقتی بنانے جیسے امور شامل تھے۔

صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے تاجر برادری کو درپیش مسائل اور تجاویز تفصیل سے پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ایک مثالی کاروباری اور سرمایہ کاری مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے کاروبار دوست پالیسیوں، ریگولیٹری اصلاحات اور مختلف شعبوں میں عائد مالی بوجھ میں کمی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاروباری طبقہ متعدد فیسوں، چارجز اور پیچیدہ طریقہ کار کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہا ہے، جس کے منفی اثرات سرمایہ کاری، رئیل اسٹیٹ، تعمیراتی سرگرمیوں، صنعتی ترقی اور مجموعی معاشی اعتماد پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ سرمایہ کاروں اور تاجروں کے لیے سہولتوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔

چیئرمین سی ڈی اے لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل اور تجاویز کو غور سے سنا اور آئی سی سی آئی کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری کے جائز مطالبات اور سفارشات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور اسلام آباد میں کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے عوامی خدمت اور سہولت کاری کے لیے پرعزم ہے، بالخصوص تاجر برادری کی مشکلات کے ازالے کو ترجیح دی جا رہی ہے کیونکہ یہی طبقہ ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ہر روز صبح کے اوقات میں کھلی کچہری کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ شہریوں اور کاروباری افراد کے مسائل براہِ راست سن کر ان کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سی ڈی اے اور اسلام آباد کی کاروباری برادری کے درمیان قریبی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ سرمایہ کاری، اقتصادی ترقی اور پائیدار کاروباری ماحول کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مثر بنایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔