Monday, May 25, 2026
ہومتازہ ترینفیلڈ مارشل کی کوششیں رنگ لے آئیں، ایران امریکا معاملات درست سمت میں جاری ہیں، وزیراعظم

فیلڈ مارشل کی کوششیں رنگ لے آئیں، ایران امریکا معاملات درست سمت میں جاری ہیں، وزیراعظم

بیجنگ (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران امریکا معاملات درست سمت میں جاری ہیں، جس کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

بیجنگ میں عظیم عوامی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے اور مذاکرات کو درست سمت پر لانے کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کلیدی اور اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا تاریخ کے ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے۔ اس دوران خلیجی خطے کے بحران کے حل کے لیے پاکستان نے مخلصانہ ثالثی کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورہ تہران کے دوران ایرانی اور امریکی قیادت کے درمیان رابطے استوار کیے۔
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اس اہم مشن کی تکمیل کے لیے مسلسل سفر میں رہے اور تمام تر مصروفیات کے باوجود اس عمل کو یقینی بنایا۔ وزیراعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ فریقین کے مابین معاملات اب درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں جو خطے کے لیے خوش آئند ہے۔

قبل ازیں چینی وزیراعظم لی چیانگ نے مہمان ہم منصب شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا، جہاں انہیں چینی مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنرپیش کیاگیا۔

وزیراعظم نے چین کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر بار چین آمد پر ترقی اور جدید تعمیرات کا نیا منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین اس وقت اپنی سفارتی دوستی کے 75 برس مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد بانی قیادت نے رکھی تھی، جسے اب مزید مضبوط بنانے کی کوشش جاری ہے۔

شہباز شریف نے امن اور جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کی حمایت پر چینی صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان چین کے 4 نکاتی ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کا خواہاں ہے۔

دریں اثنا چینی وزیراعظم لی چیانگ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے قریبی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور علاقائی استحکام میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کرے گی۔

چینی قیادت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ بیجنگ پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی کو مزید آگے بڑھانے، عملی تعاون کو وسعت دینے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔