اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت تیزی سے ایک طاقتور قوت میں تبدیل ہو رہی ہے جو ملک میں کاروبار، جدت، انٹرپرینیورشپ اور مواصلات کے مستقبل کو تشکیل دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات آئی سی سی آئی اور ریڈاٹس کلب پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ “کریئیٹرز کان پاکستان – اسلام آباد چیپٹر 2.0” کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ملک بم آنے والے ڈیجیٹل کریئیٹرز، کاروباری شخصیات، آئی ٹی ماہرین، مصنوعی ذہانت (AI) سے وابستہ افراد، کرپٹو کمیونٹی، اسٹارٹ اپس اور صنعتکاروں کی بھرپور شرکت کو سراہا۔
سردار طاہر محمود نے کہا کہ کریئیٹرز کان پاکستان ملک کے تیزی سے ابھرتے ہوئے کریئیٹر اکانومی پلیٹ فارمز میں شامل ہو چکا ہے جو پاکستان کے متحرک ڈیجیٹل پروفیشنلز، انوویٹرز اور نوجوان کاروباری افراد کو ایک چھت تلے جمع کر کے مؤثر نیٹ ورکنگ، اشتراک اور علم کے تبادلے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز محض نظریاتی گفتگو تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر کیریئر گروتھ، کاروباری توسیع، شراکت داریوں اور مستقبل کی جدت کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ڈیجیٹل تبدیلی کے ایک اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور اگر نوجوانوں کو درست سمت، جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ تربیت اور کاروباری مواقع فراہم کیے جائیں تو پاکستان خطے کی ایک مضبوط ڈیجیٹل معیشت بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان صرف ملازمتوں کی تلاش میں نہیں بلکہ نئے بزنس ماڈلز، ڈیجیٹل مارکیٹس اور اختراعی آئیڈیاز تخلیق کر رہا ہے جو ملک کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے کریئیٹرز، اے آئی، کرپٹو، ٹیکنالوجی اور انٹرپرینیورشپ سے وابستہ کمیونٹیز کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کا اشتراک پاکستان میں جدت کے فروغ اور عالمی سطح پر مؤثر مقابلے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کریئیٹرز کان پاکستان محض ایک تقریب نہیں بلکہ ایک ایسی تحریک ہے جو پاکستان کے ڈیجیٹل ٹیلنٹ، تخلیقی صلاحیتوں اور تکنیکی استعداد کو قومی سطح پر اجاگر کر رہی ہے۔
سردار طاہر محمود نے ریڈاٹس کلب پاکستان کے بانی اور سی ای او اسماعیل بلاگر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے وژن اور محنت نے اس مؤثر اقدام کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد عثمان، کنوینر آئی سی سی آئی سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کمیٹی، اور اعزاز محمد، کنوینر آئی سی سی آئی آئی ٹی، ٹیلی کام و کمپیوٹر ہارڈویئر کمیٹی، کی بہترین کوآرڈینیشن اور انتھک محنت کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر، اسٹارٹ اپ کلچر اور ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی معیشت کو ٹیکنالوجی و جدت کے ذریعے مضبوط بنانے والے پلیٹ فارمز کی سرپرستی جاری رکھے گا۔ انہوں نے تمام مقررین، مہمانوں، اسپانسرز، میڈیا نمائندگان اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی باصلاحیت نوجوان نسل اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور جدت کے ذریعے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرے گی۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے بھی منتظمین کو اس کامیاب اور بامقصد ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ چیمبر مستقبل میں بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رکھے گا۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر وسیم چوہدری اور چیمبر کے دیگر اراکین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
