اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی حکومت نے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کی تیاری شروع کر دی۔ جس کے تحت آئندہ صرف مخصوص مستحق افراد ہی رعایت کے اہل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ سبسڈی کے موجودہ نظام میں بڑی تبدیلیوں پر کام کر رہی ہے۔ اور نئی پالیسی کے تحت ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے تمام صارفین کو دی جانے والی عمومی سبسڈی مرحلہ وار ختم کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یکم جنوری 2027 سے صرف وہی گھرانے رعایت حاصل کر سکیں گے جو حکومت کی مقرر کردہ مالی شرائط پر پورا اتریں گے۔ذرائع کے مطابق یہ اقدام عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کی شرائط کے مطابق کیا جا رہا ہے۔ تاکہ سبسڈی صرف کم آمدنی والے اور مستحق طبقے تک محدود رکھی جا سکے۔مجوزہ پالیسی کے تحت بجلی، گیس اور آٹے جیسی بنیادی سہولیات پر سبسڈی صرف ان افراد کو دی جائے گی جن کی ماہانہ آمدنی 20 سے 30 ہزار روپے کے درمیان ہو گی۔نئے نظام میں صارفین کے کوائف کو نادرا کے ریکارڈ سے منسلک کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ جبکہ مالی حیثیت کی تصدیق کے لیے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کروانے پر بھی غور جاری ہے۔حکام کے مطابق اصلاحات نافذ ہونے کے بعد 200 یونٹ تک بجلی پر رعایت صرف ان صارفین کو ملے گی جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہوں گے یا حکومت کے مقرر کردہ غربت کے معیار پر پورا اتریں گے۔
