Tuesday, May 12, 2026
ہومپاکستانجاپانی سفارتخانے کا ریڈ جاپان پروجیکٹ کے تحت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو 168کتابوں کا تحفہ

جاپانی سفارتخانے کا ریڈ جاپان پروجیکٹ کے تحت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو 168کتابوں کا تحفہ

اسلام آباد(آئی پی ایس )ریڈ جاپان پروجیکٹ کے تحت، جو 2008 میں نِپون فانڈیشن کی جانب سے جاپان کے بارے میں عالمی فہم و آگاہی کو ادب کے ذریعے فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا تھا، پاکستان میں جاپان کے سفارت خانے نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کو انگریزی زبان کی 168 کتابیں عطیہ کیں۔پاکستان میں جاپان کے سفیر آکاماتسو شوئیچی نے جاپان کی تاریخ، سیاست، معیشت، سلامتی، بین الاقوامی تعلقات، فلسفہ، ادب، زبان اور ثقافت سمیت مختلف موضوعات پر مشتمل یہ کتابیں 12 مئی کو منعقدہ تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے حوالے کیں۔اسی روز جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر (جے پی اے سی )کا افتتاح بھی کیا گیا

جس کا مقصد جاپانی زبان، ثقافتی و تعلیمی تبادلوں کو فروغ دینا، اور روزگار و کاروباری مواقع کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل ترقی، چوہدری سالک حسین نے بھی اس موقع پر خصوصی شرکت کی۔سفیر آکاماتسو نے طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکتابیں علم کے ایسے پل ہیں جو آپ کو جاپان کی بھرپور تہذیب و ثقافت کو سمجھنے، ہمارے نقطہ نظر سے آگاہ ہونے، اور پاکستان میں نئے خیالات اور اختراعات کی ترغیب دینے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔انہوں نے جے پی اے سی کو تعلیم، روزگار اور کاروباری شعبوں میں جاپان اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے نِپون فانڈیشن اور جاپانی سفارت خانے کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کتابوں کا عطیہ طلبہ کو جاپان کے بارے میں سیکھنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ انہوں نے جے پی اے سی کے ذریعے باصلاحیت طلبہ کی تربیت اور جاپان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔وفاقی وزیر نے بھی جے پی اے سی کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔