اسلام آباد (سب نیوز)سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ ان درخواستوں پر فیصلہ کرے، ہائی کورٹ کے فیصلے تک معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا رہے گا۔جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی
ایمان مزاری کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزا اپیلوں پر صرف نوٹس کیا ہے۔وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ دو ماہ سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود اپیلوں پر دوبارہ سماعت نہیں ہوئی، اسلام آباد ہائی کورٹ میں انہیں کوئی ریلیف نہیں ملا۔جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ ہائی کورٹ سے آپ کے خلاف کوئی آرڈر نہیں ہے، سزا معطلی کی درخواست ہائی کورٹ نے خارج نہیں کی، آبزرویشن دے دیتے ہیں کہ دو ہفتوں میں اپیل کا فیصلہ کر دیا جائے۔
وکیل نے استدعا کی کہ سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا جائے، جسٹس نعیم افغان نے استفسار کیا کہ سزا معطل کرنے کے کیا پیرامیٹر ہوتے ہیں، سزا کب معطل ہوتی ہے؟۔جسٹس نعیم افغان نے کہا کہ اگر ہائی کورٹ نے سزا معطلی کی درخواست مسترد کی ہوتی تو میرٹ پر جا سکتے تھے، وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے کوئی ریلیف نہیں ملا، اب کہاں جائیں۔
