کراچی (سب نیوز) پولیس نے منشیات کے ایک بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ انمول عرف پنکی کو گرفتار کرلیا۔ مقامی عدالت نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے تفتیشی افسر سے چودہ روز میں چالان طلب کرلیا۔کراچی کی مقامی عدالت میں منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ کیس کا چالان چودہ روز کے اندر جمع کرایا جائے۔پولیس کے مطابق ملزمہ انمول عرف پنکی کو کراچی کے علاقے گارڈن سے گرفتار کیا گیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے قبضے سے چرس سمیت دیگر منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا، جب کہ برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت پندرہ لاکھ روپے سے زائد بتائی جارہی ہے۔پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ملزمہ کے قبضے سے ایک پستول بمعہ راونڈز بھی برآمد کیے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی منشیات کے ایک منظم اور وسیع نیٹ ورک کو چلا رہی تھی اور ملک کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے میں ملوث تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ خواتین رائیڈرز کے ذریعے بھی منشیات کی ترسیل کرتی تھی، جب کہ اس کے خریداروں میں طلبہ و طالبات سمیت مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمہ بعض اہم شخصیات کو بھی منشیات فراہم کرتی رہی ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ کے خلاف تھانہ گارڈن میں متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ دس مقدمات میں مطلوب اور مفرور تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں، جب کہ مختلف پہلوں پر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ انمول عرف پنکی کا تعلق قصور سے بتایا جارہا ہے اور وہ کراچی میں منشیات کے ایک بڑے اور منظم نیٹ ورک کو چلا رہی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق منشیات کی خرید و فروخت میں اکثر پنکی کا نام بطور کوڈ استعمال کیا جاتا تھا تاکہ نیٹ ورک کی سرگرمیوں کو خفیہ رکھا جاسکے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک سے وابستہ مزید افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
