Sunday, May 10, 2026
ہومبریکنگ نیوزقوم بنیان مرصوص کی طرح متحد، پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے اوقات میں رہیں، آئی جی اسلام آباد

قوم بنیان مرصوص کی طرح متحد، پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے اوقات میں رہیں، آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد(آئی پی ایس )انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان اور قومی اتحاد کے لیے ہے۔معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بنیان مرصوص صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ ایک نظریہ اور طرزِ زندگی ہے، جبکہ پاکستانی قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہے۔ ان کے مطابق اگر دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم مزید مضبوط ہو کر سامنے آئے گی۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ معرکہ حق میں افواجِ پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، اور دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر قوت بن چکا ہے۔انہوں نے پاک فوج، فضائیہ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو بنیان مرصوص کی عملی تصویر قرار دیتے ہوئے کہاکہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔

علی ناصر رضوی نے کہا کہ اس دوران قوم نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا، اور عوام میں ایسا جذبہ دیکھنے میں آیا کہ لوگ بارڈر پر جانے کے لیے بھی تیار تھے۔ ان کے مطابق معرکہ حق کی کامیابی ہمیشہ ایک تاریخی دن کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آج عالمِ اسلام میں ایک مرکزی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے، جبکہ ہر پاکستانی جوان، ہر بیٹی، ہر طالبعلم اور ہر پولیس اہلکار بنیان مرصوص کا حصہ ہے۔آئی جی اسلام آباد نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو اپنی اوقات میں رہنا چاہیے۔ ان کے مطابق اسلام آباد پولیس کی 11 ہزار فورس اور 44 لاکھ شہری افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہیں، مکمل طور پر تیار ہیں اور اپنے وطن پاکستان پر فخر کرتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔