اسلام آباد (آئی پی ایس )کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے چیف آفیسر، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی قیادت میں مارکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا۔ان تقریبات کا مقصد پاکستان کی تاریخی فتح کو خراجِ تحسین پیش کرنا، وطن کے محافظوں کی قربانیوں کو یاد کرنا، حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا، ماحولیاتی تحفظ کو اجاگر کرنا اور عوامی شرکت کو یقینی بنانا تھا۔اس سلسلے میں سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ٹریل تھری کے قریب شجرکاری مہم کا انعقاد کیا، جس میں شہر بھر کے بچوں نے ایک ہزار مقامی درخت لگائے۔ یہ شجرکاری مارکہ حق کے موقع پر قومی عزم اور حب الوطنی کے جذبے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کو مزید سرسبز اور صاف ستھرا بنانے کے عزم کی عکاس تھی۔
اس موقع پر ایم سی آئی نے اسلام آباد کے مختلف مراکز، مارکیٹوں اور تجارتی علاقوں میں خصوصی یادگاری قومی ٹی شرٹس تقسیم کیں۔ تاجروں اور دکانداروں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اس مہم میں حصہ لیا اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔ایف-9 پارک میں واقع یادگارِ شہدا پر ایک شمع بردار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں سویٹ ہوم اسلام آباد اور دیگر اداروں کے بچوں نے ملی نغمے، تقاریر اور خصوصی خاکے پیش کرکے شہدا اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اس کے علاوہ ایم سی آئی نے ایک خصوصی کمیونٹی مارکیٹ بھی قائم کی، جہاں شہریوں اور خاندانوں نے بھرپور شرکت کی۔
اس اقدام سے نہ صرف جشن کے ماحول کو فروغ ملا بلکہ مقامی کاروباری افراد اور چھوٹے تاجروں کو بھی اپنے کاروبار کے فروغ کا موقع ملا۔چیف آفیسر، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے تمام سرگرمیوں کی ذاتی طور پر نگرانی اور مثر انداز میں رابطہ کاری کی، جس کے نتیجے میں یہ تمام تقریبات کامیابی سے منعقد ہوئیں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد اور چیف آفیسر، ایم سی آئی نے کہا کہ معرکہ حق کی پہلی سالگرہ انتہائی وقار، قومی جذبے اور بھرپور عوامی شرکت کے ساتھ منائی گئی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی اسلام آباد کو مزید سرسبز، خوبصورت اور متحد دارالحکومت بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ان تقریبات میں بچوں، خاندانوں، تاجروں اور شہریوں کی بھرپور شرکت نے اس موقع کو پاکستان کی یکجہتی، استقامت اور قومی جذبے کا ایک یادگار مظہر بنا دیا۔
